وزیرآباد (طارق جاوید ملک) آٹھویں جماعت کا طالب علم محمد علی اعوان ٹریکٹر ٹرالی تلے آکر جاں بحق ہو گیا۔ مرحوم مسلم ہینڈز ایجوکیشنل کمپلیکس کے ڈرائیور محمد یوسف اعوان کا تیرہ سالہ اکلوتا بیٹا اور انتہائی قابل طالب علم تھا۔ مغرب کے وقت وہ موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ جیسے ہی اپنی گلی میں مڑنے لگا، سڑک پر موجود ڈھلوں کے باعث موٹر سائیکل پھسل گئی، اور وہ گر کر سنبھل نہ سکا۔ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اس کے اوپر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ ہسپتال گراؤنڈ میں مولانا قاری سردار نے پڑھائی، جس کے بعد اسے سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس المناک حادثے پر علاقے کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات، شہر کے معززین اور عزیز و اقارب نے لواحقین سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے جنت الفردوس میں بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔(فوٹو ہمراہ ہے)
