ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے زیر اہتمام ہونے والے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) امتحانات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ

Spread the love

رحیم یار خا ن
آصف محمود
(سٹی بیوروچیف)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے زیر اہتمام ہونے والے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) امتحانات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان، پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم لغاری، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نمائندگان، خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندگان، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نمائندگان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال 1,039 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ امتحانات کے لیے رحیم یار خان سنٹر کا انتخاب کیا ہے۔ امتحان کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات، امتحانی مراکز، سکیورٹی، ٹریفک پلان اور دیگر سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ امتحانات کے انعقاد کے دوران امیدواروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز تک امیدواروں کی آسان رسائی اور رہنمائی کے لیے قبل از وقت واضح سائن ایج، رہنمائی ڈیسک اور معلوماتی اقدامات مکمل کیے جائیں۔انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ امتحان کے روز جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ امیدوار بروقت امتحانی مراکز تک پہنچ سکیں اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔ مزید برآں امتحانی مراکز کے باہر امیدواروں کے والدین کے لیے مناسب انتظار گاہیں، پینے کے ٹھنڈے پانی، سایہ، بیٹھنے کی سہولت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور امتحانات کے شفاف، منظم اور پرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحان کے دوران بہترین انتظامی ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ امیدوار مکمل اطمینان اور سازگار ماحول میں اپنا امتحان دے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں