اولڈھم(عارف چودھری) لیبر پارٹی کے رہنما سابق مئیر اولڈھم کونسلر فدا حسین نے کہا ہے کہ آزادی کا ایک لمحہ غلامی کی100 سالہ زندگی سے بہتر ہے، ہمیں ملت کے پاسبان محمد علی جناحؒ کی بے مثل قربانیوں کا احساس کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لئے قومی یک جہتی کا ثبوت دینا ہوگا۔ 25 دسمبر یوم پیدائش قائد اعظم محمد علی جناح کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم قائد کے فرمان اتحاد، تنظیم، ایمان اور یقین محکم پر دل و جان سے عمل پیرا ہوں گے اور اس کی روشنی میں پاکستان کو عدل و مساوات پر مبنی ایک فلاحی اور اسلامی ریاست بنائیں گےجہاں بد عنوان سیاست دانوں اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ فدا حسین نے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے حرمت رسول اکرمﷺ پر دیئے گئے بیان کا بھی خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ رسولﷺ کی اہانت اظہار رائے کی آزادی نہیں بلکہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے ایمان پر حملہ اور ان کی شدید دل آزاری ہے۔ عالمی رہنماؤں کو اس سلسلے میں روسی صدر کی تقلید کرنی چاہئے تاکہ عالمی استحکام امن کی جانب قدم بڑھایا جا سکے۔
