پاکستان شہیدوں اورغازیوں کی سرزمین ہے ,الطاف شاہد

Spread the love

ٹانک میں شرپسند عناصر کیخلاف آپریشن کے دوران شہید ہونیوالے قومی ہیرو ہیں

لندن (عارف چودھری)پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ پاکستان کی فرض شناس سکیورٹی فورسز امن وامان برقرار رکھیں گی ۔ ٹانک جنوبی وزیرستان میں شرپسند عناصر کیخلاف آپریشن کے دوران دوجانبازوں کی شہادت پاک فوج کی مجموعی شجاعت کامظہر ہے ۔ پاکستان شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے۔ افواج پاکستان کے سرفروش جانبازوں اورمحب وطن نوجوانوں کادم پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے غنیمت ہے،وہ فیڈریشن کی مضبوطی کیلئے نفاق پسندوں کا ناطقہ بند کر دیں گے۔ شہیدوں کا مادر وطن اورامن وانسانیت سے والہانہ محبت کاقرض کبھی نہیں چکایا جا سکتا۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ جس دھرتی کوشہداء اپنے مقدس لہوسے سیراب کرتے ہیں وہ کبھی بانجھ یا بنجر نہیں ہوسکتی۔ مٹھی بھرشرپسند عناصر اپنے بیرونی آقاﺅں کے اشاروں پرچھپ کر پاکستان کے معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر حملے تو کر سکتے ہیں مگر ا س سرفروش قوم کو یرغمال نہیں بنایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ جس قوم کے معصوم بچے بھی امن کی راہ میں جام شہادت نوش کر تے ہوں وہاں دہشت گرد اپنا ناپاک وجود زیادہ دیر برقرار نہیں رکھ سکتے ۔ مسلمانوں اور پاکستانیوں سے زیادہ دنیا میں کوئی امن پسند نہیں ہوسکتا۔چند گمراہ عناصر کے قول وفعل کی سزا پوری قوم کو نہیں دی جاسکتی ۔ہمارے شہداء کی قابل رشک قربانی رائیگاں نہیں گئی ، انہوں نے جاتے جاتے اپنے ہم وطنوں کوامن وآشتی کیلئے متحد اور مستعد کردیا ۔انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کے پاﺅں پوری طرح اکھڑگئے ہیں ،انہیں دوبارہ پاک سرزمین میں قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ فوجی جوانوں کی قربانی نے پاکستانیوں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہم وطن بھی اب پہلے سے زیادہ نڈر ہوگئے ہیں ، دہشت گرد انہیں ڈرانے دھمکانے کاخیال اپنے دل سے نکال دیں ۔ ہم مادر وطن کوامن وآشتی کاگہوارہ بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے قدرت نے پاکستان کے دشمنوں کو دیدہ عبرت بنا دیا ۔ہمارے پرعزم اور پوجوش نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت اورضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں