گنجائش سے زیادہ سیاحوں کومری کی طرف جانے کی اجازت کس نے دی
لندن (عارف چودھری)
پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ مری میں مرنیوالے انسانوں کے پسماندگان حکمرانوں سے انصاف مانگ رہے ہیں،پنجاب کی نااہل بزدار حکومت فوری طورپر مستعفی ہوجائے۔سانحہ مری نے اوورسیزپاکستانیوں سمیت ہم وطنوں کورنجیدہ اورغمزدہ کردیاہے۔مری میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو بدانتظامی کاشاخسانہ قراردینا بیجا نہیں ہوگا۔ایک بار پھر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکسپوز اوربری طرح ناکام ہوگئی۔گنجائش سے زیادہ بچوں سمیت مردوزن سیاحوں کومری کی طرف جانے کی اجازت کس نے اورکیوں دی ،مجرمانہ غفلت کامظاہرہ کرنیوالے حکام کوانصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے ۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال ،مرکزی صدر انیس احمدقائم خانی اوران کے ٹیم ممبرز مری کی شاہراہوں پرموت کی آغوش میں جانیوالے شہریوں کے پسماندگان کوتعزیت پیش کرتے ہیں، ہمارے قائدین اورکارکنان اس المناک گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ارباب اقتدار واختیار کوپسماندگان کی اشک شوئی کیلئے ان کی دہلیز پر جانا ہوگااوران کی مالی مدد کرناہوگی۔انہوں نے کہا کہ سانحہ مری کے نتیجہ میں پوری انسانیت سوگ میں ڈوب گئی ہے لیکن اس کے باوجود مٹھی بھر بدبخت عناصر پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں۔ہرسال برف باری سے کے مناظر سے لطف اندوز ہونے کیلئے گنجائش سے زیادہ سیاحوں کامر ی تک پہنچنا اورپھر وہاں خوار ہونا ایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔وفاقی حکومت سانحہ مری کی شفاف تحقیقات اوراس میں ملوث عناصر کیلئے سخت سزایقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے میدان میں کسی قسم کی حماقت کامتحمل نہیں ہوسکتا۔