ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی سرگرمیاں جاری،

Spread the love

لندن/ بریڈفورڈ ( عارف چودھری ) ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی سرگرمیاں جاری، مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہید کی برسی پر تمام شہدائے کشمیر کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، شہداء کے مشن کی تکمیل کے لیے سفارتی محاذ پر ہر سطح پر اپنی جدو جہد جاری رکھنے کا بھرپور عزم کیا گیا، مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہید کی برسی پر کشمیر میں جاری ظلم و تشدد کی نئی لہر اور جیلوں میں قید کشمیری قائدین و کارکنان کی صورتحال پر تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے 200 سے زائد ممبران برطانوی پارلیمنٹ، لارڈز، میئرز، کونسلرز، انسانی حقوق کے مندوبین، عالمی اداروں کے ذمہ داران کی توجہ کشمیر کی جانب مبذول کرانے کے لیے ای میل اور خطوط لکھے ہیں، مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہید کی قربانیوں کا تسلسل ہے کہ آج بھی کشمیری اپنی جانیں آزادی کے لیے قربان کر رہے ہیں، تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی لابی مہم میں تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم نے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں ممبران پارلیمنٹ، لارڈز، میئرز، کونسلرز، انسانی حقوق کے ارکان اور برطانیہ کی مقامی پارٹیوں کے ممبران سے ملاقاتیں بھی کیں جن میں ان کو کشمیر کی صورتحال بارے آگاہ کرنے کے ساتھ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
لابی مہم کے سلسلہ میں برطانیہ کے دارلحکومت لندن اور پارلیمنٹ ہاؤس کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی مختلف تقریبات، میٹنگز اور تحریکی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ اس موقع پر جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق، سردار عبد الرحمان خان، وائس چیئرمین امجد حسین مغل، ہیری بوٹا، محترمہ آسیہ حسین، نائلہ شریف، ذیشان عارف اور دیگر نے کہا کہ مقبول بٹ شہید اور محمد افضل گورو شہید کی قربانیوں کا تسلسل ہے کہ آج بھی کشمیر میں نوجوان ان کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آج بھی کشمیری ہندوستان کے ہر ظلم و بربریت کے سامنے جھکا نہیں ہے۔ آج بھی کشمیری قائدین شبیر احمد شاہ، یاسین ملک، آسیہ اندرابی سمیت متعدد سیاسی قائدین، انسانی حقوق کے کارکنان، صحافی اور ان گنت کشمیری جیلوں میں بند ہیں۔ عالمی اداروں اور عالمی برادری سے اپیل ہے کہ وہ ہندوستان کی جیلوں میں قید کشمیریوں کی رہائی کے لیے ہندوستان پر دباؤ بڑھائیں۔ تحریکی قائدین نے مزید کہا کہ مقبول بٹ اور محمد افضل گورو شہید کی جدوجہد اور شہادت تاریخ کشمیر کا تابناک باب ہے۔ بھارت نے نہ صرف مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو تختہ دار پر لٹکا کر شہید کیا بلکہ ان کی باقیات بھی کشمیریوں کے حوالے نہیں کی گئیں۔ کشمیری شہداء کی شجاعت وقربانیاں ملت کشمیر کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی۔ کشمیری اپنے ان شہداء کی قربانیوں اور جدوجہد کو کسی بھی صورت فراموش نہیں کرسکتے۔ راجہ نجابت حسین نے شہدائے کشمیر کی جدوجہد، قربانی، شجاعت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لہو کی بدولت تحریک آزادی ہر محاذ پر زندہ ہے۔ شہدائے کشمیر جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اپنے مادر وطن کی آزادی کے عظیم مقدس فرائض کی تکمیل، اپنے مجبور ستم رسیدہ مظلوموں کی حمایت، اپنے بنیادی حق کے دفاع کے تحفظ میں اپنا خون اور جانیں نثار کر دیں۔ وطن کے شہداء کی سیرت اور کردار ہمارے ضمیروں میں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے مشعل راہ بن کر قائم رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں