مظفرآباد( عارف چودھری )
مسلم لیگ ن کی ممبر قانون ساز اسمبلی محترمہ نثارہ عباسی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی سازشوں کے ذریعہ مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ ہم سب کو مل کر بھارت کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ایک واضح حکمت عملی طے کرنی چاہیے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35A کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی اور اس کے بعد سے اس نے مقبوضہ کشمیر میں 42لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے اسی طرح 4ہزار ہندوؤں کو کاروبار کے لیے لیز پر زمین دینے کی سازشیں کر رہا ہے۔ جس کے ذریعے بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی مزموم سازش کر رہا ہے تاکہ آبادی کے تناسب کو اپنے حق میں کر سکے۔لہذا ایسی صورت حال میں جبکہ مسئلہ کشمیر ایک اہم نازک اور فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکا ہے تو ہمیں اپنی بھرپور کوشش کرنی چاہیے کہ بھارت کے ان عزائم کو ناکام بنانے کے لیے انٹرنیشنل فورمز پر اپنی بھرپور آواز دنیا تک پہنچائیں اور بھارت کے مکروہ چہرے سے رنگین نقاب اتار پھینکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر راجہ ساجد محمود، چوہدری اظہر محمود، سائرہ چشتی، سیدہ ساجدہ گیلانی، سید افتخار کاظمی بھی موجود تھے۔اس موقع پر جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اس وقت ایک سنگین صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں اور وہاں بھارت کی ریشہ دوانیاں اور انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر ہیں ایسی صورتحال میں ہمیں عالمی برادری کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو رکوانے کے لیے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا اور بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہو گا۔انھوں نے کہا کہ ہم نے جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے مسئلہ کشمیر کو یورپ، انگلینڈ ودیگر ممالک میں بھرپور اجاگر کیا، ہم نے احتجاجی جلسے جلوس، سیمینار، ویبینار منعقد کئے اور دنیا کو بھارت کا گھناؤنا چہرہ دکھایا۔ہم چاہتے ہیں کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی عوام کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت ملے،انھوں نے مزید کہا مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت بھی دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے عورتوں کی عزتیں پامال کی جا رہی ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں اقوام عالم مسئلہ کشمیر کو حل کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
