پاکستان ہائی کمیشن لندن میں یوم آزادی منایا گیا

Spread the love

پرچم کشائی کی تقریب میں لندن کے مئیر صادق خان بھی شریک ہوئے

لندن (عارف چودھری)پاکستان ہائی کمیشن لندن میں آج یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ ہائی کمشنر معظم احمد خان نے پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان کے برطانوی دوستوں کی موجودگی میں قومی پرچم لہرایا جو پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب میں شرکت کے لئے بڑی تعداد میں آئے تھے۔
ہائی کمشنر نے کمیونٹی سے خطاب میں پاکستان کی 75ویں سالگرہ پر پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی اور اسے قومی زندگی کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے آزاد ریاست حاصل کرنے والے قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور تحریک پاکستان کے دیگر ہیروز کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان نے 75 سال کی اپنی مختصر تاریخ میں بہت سے چیلنجز کا سامانا کیا ہے لیکن تمام بیرونی اور اندرونی چیلنجوں پر کامیابی سے قابو پا یاہے۔
پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کے بارے میں ہائی کمشنر نے تاریخی اور مضبوط دو طرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ بڑھتے ہوئے دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات باہمی فائدہ مند تعلقات کا مظہر ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر برٹش پاکستانیوں کے کردار کو سراہا ۔


ہائی کمشنر نے بھارتی قبضے میں رہنے والے کشمیری عوام کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے حق خودارادیت کے واحد مقصد کے لئے پاکستان کی جانب سے ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔
تقریب میں لندن کے میئر صادق خان بھی شریک ہوئے۔ صادق خان کو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم کرنے میں ان کے تعاون اوربرطانیہ میں مختلف کمیونٹیز کے لئے ان کی خدمات کے لئے ہائی کمشنر نے صدر پاکستان کی جانب سے انہیں سول ایوارڈ ًستارہ پاکستان ًسے نوازا۔
میئر کو مبارکباد دیتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہاکہ اُنہیں سول ایوارڈ کی تفویض دونوں ممالک کو اکٹھا کرنے میں میئر صادق خان کے تعمیری کردار کا ثبوت ہے۔لندن کے میئر صادق خان پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم کرنے میں ان کے تعاون اوربرطانیہ میں مختلف کمیونٹیز کے لئے ان کی خدمات کے لئے معزز ستارا پاکستان حاصل کرنے والے پہلے برطانوی سیاست دان بن گئے۔
تقریب سےخطاب کرتے ہوئے لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر ستارہ پاکستان کا حصول میرے لیے باعث فخر ہے۔ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران ہم نے پاکستان اور برطانیہ کے قریبی تعلقات سے خاص طور پر پاکستان اور لندن کے تعلقات سے یقینا بہت فائدہ اُٹھایا ہے۔
یہاں پرپاکستان اور برطانیہ کے مشترکہ ثقافتی، سماجی اور معاشی ورثے کی بدولت سوسائٹی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ میں اُ مید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی ہم پاکستان سفارتخانے کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے تاکہ باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیں اور نئے مواقع پیدا کر سکیں جہاں پر ہر ایک کے لئے بہتر لندن کی تعمیر کی جا سکے۔

اس موقع پر قائد اعظم کی ایک خوبصورت تصویر بھی منظر عام پر آئی جس کی تصویر برٹش پاکستانی کی نوجوان آرٹسٹ آمنہ انصاری نے بنائی تھی جس میں بانی قوم کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔

تقریب کا اختتام مقامی گلوکاروں کے مقبول قومی گانوں کے ساتھ ہوا۔

اسی طرح کی تقریبات برمنگھم، مانچسٹر، بریڈ فورڈ اور گلاسگو میں پاکستان قونصل خانوں میں منعقد ہوئیں۔

یہ تقریب پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں