آقائے کائنات کے جشن ولادت کی مناسبت سے میلاد کمیٹی راچڈیل کے زیر انتظام دارالمنور گھمگول شریف سنٹر میں روحانی محفل کا انعقاد

Spread the love

راچڈیل رپورٹ عارف چودھری
آقائے کائنات کے جشن ولادت کی مناسبت سے دارالمنور گھمگول شریف سنٹر میں راچڈیل میلاد کمیٹی کے زیر انتظام روحانی محفل کا انعقاد ہوا ۔ سید پیر کمال حیدر اور حاجی ظفر احمد نقشبندی نے خصوصی شرکت کی ۔ محفل کی نقابت محمد افتخار احمد رضوی اور قیصر مدنی نے کی جبکہ تلاوت قرآن کریم کا شرف حافظ قاری محمد علی قادری کو نصیب ہوا ۔ آقائے کائنات کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت کے پھول قاری جاوید ، سید الطاف حسین شاہ،غلام مصطفیٰ نواز،عثمان عطاری،اسماعیل حسین،ثاقب علی مدنی اور عبد اللہ حقانی نے نچھاور کر کے محفل میں شریک اہل ایمان کے روح کو جلا بخشی ۔ روحانی محفل میں شریک افراد کو آقائے کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موئے مبارک کی زیارت بھی کروائی گئی ۔ اس موقع پر میلاد کمیٹی کے سرپرست محمد صدیق کوثر نے کہا آقائے کائنات کی زندگی کا احاطہ کرنے کے لیے مختلف موضوعات پر میلاد محفل کا انعقاد ہو رہا ہے اللہ تعالیٰ پیارے نبی کریم کے صدقے ہم سبکی مغفرت فرمائے۔چئیرمین میلاد کمیٹی مولانا عبد الرؤف نقشبندی نے کہا رب العالمین نبی کریم کی ساری امت پہ رحم و کرم فرمانے کے ساتھ اسکے فیوض و برکات سب کو نصیب کرے انکا کہنا تھا کہ جہاں بھی مسلمان پریشان حال ہیں اور پاکستان کے سیلاب زدگان کی غیبی مدد فرمانے کے ساتھ مشکلات میں آسانی پیدا کرے۔ دارالمنور گھمگول شریف سنٹر کے خادم محمد زمان نے علمائے کرام اور ثنا خواں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حاضرین محفل کے ایمان کو تازگی بخشی ۔ جنید اختر کا کہنا تھا کہ ماہ ربیع الاول کا پیغام ہے کہ ہمیں آقائے کائنات کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونا چاہیے اور صوفیائے کرام نے بھی یہی درس دیا ہے ۔ مولانا محمد  عرفان چشتی نے کہا کہ ابتائے و اطاعت رسول کے بغیر محبت رسول بالکل مکمل نہیں ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔ روحانی محفل کے اختتام پر عاشقان رسول کی تواضع لنگر سے کی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں