بریڈفورڈ (عارف چودھری)
یسین ملک کو پابند سلاسل رکھنا اور ان کی عمر قید کو سزاۓ موت میں بدلنے کی کوشش بھارتی حکومت کی بدنیتی اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔ قابض بھارتی فوج جب کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہ کر سکی تو ایسے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ عالمی برادری اور برطانوی حکومت JKLF چئیرمین یسین ملک کی ناجائز عمر قید اور ممکنہ سزاۓ موت رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ان کی ساتھ جیل میں ناروا سلوک رکھا جا رہا ہے اور اب بھارتی حکومت حیلے بہانوں سے ان کی زندگی ختم کرنے کے درپے ہوگئئ ہے۔ ان خیالات کا اظہار JKSDMI کے بانی چئیرمین راجہ نجابت حسین (ستارۂ پاکستان) نے بریڈفورڈ میں منعقدہ مختلف سیاسی جماعتوں اور مکاتیب فکر پر مشتمل اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ کیا۔ انہوں نے بھارتی حکومت کے پروپیگنڈے اور ڈس انفارمیشن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھارت کشمیری حریت پسندوں کی جدوجہد آزادی کو بدنام کر کے اسے دھشتگردی سے تعبیر کر رہا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے اور اسے دھشتگردی کہہ کر کشمیری لیڈروں کو پھانسی دینا بھارت کی مکاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے اس اجلاس میں برطانوی ممبر پارلیمنٹ محمد یاسین نے خصوصی شرکت کی اور کہا کہ کشمیری حریت پسند راہنما یاسین ملک بدنام زمانہ بھارتی تہاڑجیل میں قید ہیں اور بھارتی حکومت عدالت کے ذریعے انہیں سزائے موت دلوانے کی کوشش کر رہی ہے۔محمد یٰسین ایم پی نے بھارت کے اس اقدام کی مذمت کی اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کی رہائی اور مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے انہوں نے برطانوی کشمیریوں کو یقین دلایا کہ وہ محمد یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنماؤں کا مسئلہ کشمیر کی اے پی پی جی اور فرینڈز آف کشمیر کے ساتھ برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔ انہوں نے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین اور ان کی پوری ٹیم کا مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم لوگوں کے لیے آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کیا اجلاس میں سابق مشیر اور وزیر حکومت آزاد کشمیر راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ تحریک کے سرپرست اعلی سردار عبدالرحمن خان ،سابق لارڈ میئر آف بریڈفورڈ چوہدری رنگ زیب، صدر انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم بریڈ فورڈ چوہدری محمد آصف ڈی سی، سابق صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر بریڈ فورڈ چوہدری محمد شیراز، سابق سیکرٹری جنرل آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس یو کے چوہدری محمد اسلم ، امید ویلفئیر کے چئیرمین راجہ مہربان حسین ،سابق صدر کونسل آف مساجد بریڈ فورڈ محمد رفیق سہگل، ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر جے کے ایس ڈی ایم آئی محمد ہیری بوٹا، ،ریاض احمد، راجہ محمد ایوب، راجہ محمد مقصود، راجہ انصاری احمد، راجہ فیضان احمد ، ، پی پی پی بریڈفورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر JKSDMIچئئرمین راجہ نجابت حسین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ ان کی ٹیم برطانیہ بھر میں مہم چلائے گی کشمیری رہنما محمد یاسین ملک اور ہندوستانی جیلوں میں بند دیگر کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لیے برطانوی پارلیمنٹرینز اور انسانی حقوق کے کارکنوں سے رابطہ کرے گی انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کشمیری کمیونٹی اپنے حقوق کے لیے مہم چلا رہی ہے اور جب تک ہم ریاست جموں کشمیر میں اپنا پیدائشی حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے اس وقت تک ہم جدوجہد جاری رکھیں گے راجہ نجابت حسین اور دیگر رہنمائوں نے کشمیر کی مسلسل حمایت پر اے پی پی جی کا شکریہ ادا کیا انہوں نے حکومت پاکستان سے درخواست کی کہ وہ محمد یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنماؤں کی رہائی کے لیے ان کے کیس عالمی عدالت انصاف اور بین الاقوامی اداروں میں لے کر جائے ۔
