اسلام آباد /لندن (عارف چودھری )
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان نے ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزاد کشمیر اورسیز کشمیریوں کا تحریک تکمیل پاکستان کا ایجنڈا ہے اس ایجنڈے پر عمل درآمد کیلئے بیرون ملک بسنے والے تمام کشمیری و پاکستانی ریاستی عوام کا کیس موثر انداز میں عالمی فورمز پر لڑ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے کشمیریوں اور پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوۓ مقبوضہ کشمیر کو آزادی دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ بیرون ملک بسنے والے کشمیری پاکستان کے استحکام، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے سفارتی محاذ پر اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوۓ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عظیم کشمیری حریت راہنما سید علی گیلانی مرحوم کا مشن کشمیریوں کی آزادی اور تکمیل پاکستان کا مشن تھا اور اس مشن کی تکمیل کیلئے ان کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ عظیم حریت راہنما سید علی گیلانی مرحوم کا ادا کیا جملہ “ھم پاکستانی ہیں اور پاکستان ھمارا ہے” آج پوری کشمیری قوم کے دل کی آواز اور ان کا سیاسی نصب العین بن چکا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو سوشل میڈیا کے ذریعے بین الاقوامی برادری میں پیش کرنے کی ضرورت ہے،کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں رہ سکتا،کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان ادھورا ہے اور کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان تک ہم جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے سلسلے میں راجہ نجابت حسین کے کردار کو سراہا ۔اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے سلسلے میں ان کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے وزیراعظم کے گڈ گورننس کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعظم جس جذبے سے قوم کی خدمت کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہے
