پُوری دنیا کی طرح مانچسٹر میں بھی ۲۸ ۔ اکتوبر کی مناسبت سے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاجی مظاھرہ ھوا ۔ جس سے تحریک کشمیر مانچسٹر کے کوآرڈینیٹر نصر اقبال چوھدری ، مسلم کانفرنس برطانیہ کے سرپرست اعلیٰ چوھدری محمد بشیر رٹوی ، کشمیری راھنما راجہ محمد عارف ، تحریکِ کشمیر مانچسٹر کے راھنما مجاھد حسین ، پی ٹی آئی کی راھنما عالیہ صغیر ھاشمی ، اور مانچسٹر کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت محمد منشا شاھین نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ھوئے تحریک کشمیر مانچسٹر کے کوآرڈینیٹر نصر اقبال چوھدری نے کہا کہ آج پوری دنیا میں کشمیری اور پاکستانی کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف سراپا احتجاج ھیں ۔ 27۔ اکتوبر 1947 کو بھارتی حکومت نے اپنی فوجیں سرزمینِ کشمیر پر اتار کر کشمیر کی دھرتی پر قبضہ کیا تھا ۔ اس دن سے لے کر آج تک بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی نئی داستانیں رقم کی ھیں ۔ کشمیری اور فلسطینی اپنی آزادی کے لئے جدوجہد کر رھے ھیں جسے پوری دنیا کے حریت پسند لوگوں کی حمائیت حاصل ھے ۔اپنی آزادی کے لئے جدوجہد کرنا ھر قوم کا حق ھے اور ھم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی اس جدوجہد کو سلام پیش کرتے ھیں ۔ مسلم کانفرنس برطانیہ کے سرپرست اعلیٰ چوھدری محمد بشیر رٹوی نے مظاھرے سے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ برطانیہ ایک جمہوری ملک ھے لہٰذا اسے کشمیریوں اور فلسطینیوں کے جمہوری حقوق کے لئے آواز اٹھانی چاھیے ۔ فلسطین اور کشمیر میں بےگناہ بچوں اور عورتوں کا قتل عام کیا جارھے ۔ اُنہوں نے کہا کہ برطانیہ خاموش تماشائی نہ بنے بلکہ انسانی حقوق کی پاسداری کرتے ھوئے امن عالم کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ برطانیہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کرے ۔
بولٹن کے ممتاز کشمیری راھنما راجہ محمد عارف نے مظاھرین سے خطاب کرتے ھوئے اس بات پر زور دیا کہ کشمیریوں کو بدترین ریاستی دھشت گردی کا نشانہ بنایا جارھا ھے لیکن کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھے ھوئے ھیں ۔ کشمیری اور فلسطینی غاصب قوتوں کے خلاف صف آرا ھیں ۔ آزادی کی ان تحریکوں کو دھشت گردی سے جوڑنا ناانصافی ھے ۔ نیلسن منڈیلا کو بھی اپنی آزادی کے لئے آواز اٹھانے کے جرم میں پہلے دھشت گر کہا گیا پھر انہی قوتوں نے اسے آزادی کا ھِیرو قرار دیا ۔ تحریک کشمیر مانچسٹر کے راھنما مجاھد حسین نے کہا کہ ھم اقوام متحدہ سے یہ مطالبہ کرتے ھیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کا استصواب کا حق دلائے جس کا اقوام عالم نے ان سے وعدہ کیا ھے ۔ پی ٹی آئی کی راھنما عالیہ صغِیر ھاشمی نے کہا کہ ھم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہد کی حمائیت کرتے ھیں ۔ کشمیر اور فلسطین میں عورتوں اور بچوں کا قتل عام کیا جارھا ھے اور مسمانوں کی نسل کشی کی جارھی ھے ۔ ھم ھر سطح پر اس کی مذمت کریں گے ۔ مانچسٹر کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت محمد منشا شاھین نے مظاھرین سے خطاب کرے ھوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں جو ظلم ھورھا ھے اس کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاھیے ۔ پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ھے ۔ مظاھرین وقفے وقفے سے “ ھم کیا چاھتے آزادی “ ، “ ھے حق ھمارا آزادی “ ، “ کشمیری مانگیں آزادی “ اور “ فلسطینی مانگیں آزادی “ کے نعرے بھی لگاتے رھے
