مورخہ 7 جنوری 2024 بروز اتوار ( صابرہ ناہیدمانچسٹر) یو جی آرٹ اینڈ کلچر ، ویمن ونگ اور اوپن کچن کی طرف سے نئے سال اور قائد اعظم ڈے کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی سنٹر کے تعاون سے فیملی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں آرگنائزیشن کی فیملیز کے علاوہ مانچسٹر کے معززین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بری کی سابقہ میئر شاہینہ ھارون نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ڈاکٹر یونس پرواز کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ محترمہ نازی نے حمد باری تعالٰی پیش کی اور آرٹ اینڈ کی انفارمیشن سیکرٹری مشعل عقیل نے نعت رسول مقبول پیش کی ۔ اردو گلوبل کی ٹیم اور بچوں نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔ نظامت کے فرائض آرٹ اینڈ کلچر کی صدر صابرہ ناہيد اور سیکرٹری جنرل شعیب خان نے نبھائے ۔ شعیب خان نے قائداعظم کے حوالے سے معلومات فراہم کیں اور قائداعظم کے حوالے سے ہی بچوں نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا ۔ جس کو بہت سراہا گیا۔ مشہور ریڈیو پریزینٹر جگتار سنگھ شیری نے اپنی خوبصورت اور مزاحیہ گفتگو سے شرکاء کا دل موہ لیا اور انھوں نے اپنی خوبصورت آواز میں گانے بھی سنائے ۔ مشہور گلوکار آسیہ ثمن نے اپنی خوبصورت آواز میں ملی نغمے سنائے اور لوگوں نے انھیں خوب داد دی ۔ کومل خان اور شعیب خان نے بابا بھلے شاہ کا کلام پیش کیا ۔ مشعل عقیل نے نئے سال کے حوالے سے خوبصورت پیغام دیا ۔ اردو گلوبل کے سرپرست سید سجاد شاہ نے نئے سال کی مبارک پیش کی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ اردو گلوبل نیٹ ورک کے بانی اور چیرمین شہزاد مرزا نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس پروگرام کا مقصد تمام فیملیز کا اکٹھے مل بیٹھنا تھا تا کہ اس سال کا خوشی اور بھائی چارے سے آغاز کیا جائے ۔ انھوں اس موقع پر اوپن کچن ، یوجی آرٹ اینڈ کلچر اور ویمن ونگ کی ٹیم کا تعارف کروایا اور بتایا کہ اوپن کچن کو خدمت خلق کرتے 3 سال 7 ماہ سے اوپر عرصہ ہو چکاہے اور کوڈ کے دنوں سے آج تک اوپن ضرورت مندوں میں روزانہ کی بنیاد پر پکا ہوا کھانا اور ہر ہفتہ کے روز پورے ہفتے کا راشن تقسیم کر رہا ہے اور انشاءاللہ ہمیشہ کرتا رہے گا ۔ اس موقع پر A1 ٹی وی کی جانب سے ملک عظیم صاحب نے اوپن کچن کی خدمات کی بنا پر شہزاد مرزا کو تعریفی سند سے نوازا۔
مہمان خصوصی شاہینہ ھارون نے تنظیم کی کاوشوں کو سراہا اور نئے سال کی مبارک پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہزاد مرزا اور ان کی پوری ٹیم کا کام قابل ستائش ہے۔ اس دوران شاہینہ ھارون کے ماموں اور کزن جو گزشتہ دنوں وفات پا گئے تھے ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی گئی۔ تقریب میں عمرہ سے آنے والے سعید اللہ اور راجہ خورشید ، ویمن ونگ کی ثوبیہ ، سید سجاد حسین زیارات سے واپس آئے اور ٹینا کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ۔ صدر صابرہ ناہيد نے کمیونٹی سنٹر کے سربراہ ھارون کٹھیانہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ اردو گلوبل نیٹ ورک کے ساتھ تعاون کرتے ہیں جس کے لئے ہم ان کے مشکور ہیں۔ تقریب کے آخر میں پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا۔
