جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم جی ٹی روڈ کے اردگرد اور عین وسط میں پڑی مردہ جانوروں کی الائشوں سے تعفن اٹھنے لگا۔ محکمہ نیشنل ہائی وے اور شہری علاقوں میں میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ خاموش تماشائی، جی ٹی روڈ سے گزرنے والے شہری شدیدبدبو سے بے حال، شہریوں کا متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سے گزرنے والی جی ٹی روڈ پر روزانہ حادثات سے مرنے والے جانوروں کی آلائشوں سے شدید تعفن پھیل رہا ہے جس کیوجہ سے جی ٹی روڈ سے گزرنے والے شہری اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں رہنے والے مکین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، شہریوں نے جہلم پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئے روز ٹریفک حادثات میں مختلف جانور مرجاتے ہیں جن کی آلائشیں جی ٹی روڈ پر ہی پڑی پڑی گل سڑ جاتی ہیں جن پر سے گاڑیوں کے گزرنے کیوجہ سے یہ الائشیں سڑک پر پھیل جاتی ہیں اور کچھ جانوروں کی آلائشیں سڑک کنارے پڑی رہتی ہیں، ان کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے میں محکمہ نیشنل ہائی وے اور میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ بالکل توجہ نہیں دیتی جس کے باعث پورے جی ٹی روڈ اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں شدید تعفن پھیل جاتا ہے، جس کی وجہ سے اردگرد کے مکینوں کا گھروں میں رہنا اور جی ٹی روڈ پر سفر کرنا انتہائی مشکل ہو جاتاہے۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ برلب جی ٹی روڈ واقع نجی کالج سے ملحقہ جگہوں پر مرغی فروشوں اور گائے بھینسیں لانے والے اپنی گاڑیوں کی صفائی ستھرائی کر کے تمام گندگی پھینک جاتے ہیں جسکی وجہ سے کالج میں پڑھنے والے طلباء و طالبات اور ملحقہ آبادیوں کے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔شہریوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر جہلم، نیشنل ہائی وے اتھارٹی و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ جی ٹی روڈ پر روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کے احکامات جاری کیے جائیں اور جی ٹی روڈ کے کنارے خصوصاً نجی کالج کے ساتھ گندگی کو صاف کروایا جائے اور گندگی پھینکنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اورسانس لینے کیلئے صاف آکسیجن میسر آ سکے
