گذشتہ 14سالوں سے سندھ میں کرپشن اور لوٹ مار نے معاشی اور سماجی ترقی کو روک رکھا ہے

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ گذشتہ 14سالوں سے سندھ میں کرپشن اور لوٹ مار نے معاشی اور سماجی ترقی کو روک رکھا ہے، سندھ میں زرعی پانی کی قلت سے معاشی بدحالی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی جیکب آباد کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد میں ضلعی فنانس سیکریٹری حاجی محمد عباس بنگلانی، تعلقہ امیر مولانا عبدالجبار رند، بقا محمد چھجن، نور خان چھجن اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں خود ساختہ پانی کی کمی اور 91 ء کے معاہدے کے تحت پانی نہ ملنا افسوس ناک ہے انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکمران جماعت سے وابستہ افراد زبردستی غیر قانونی طریقے سے پانی چوری کرکے اپنی زمینوں کو آباد کرکے دیگر آباد گاروں کی زمینوں کو بنجر بنا کر معاشی بد حالی پیدا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں معاشی ترقی، لوٹ مار اور بیڈ گورننس کرنے والوں کا احتساب اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے اس سلسلے 13اگست کو پی ڈی ایم کے تحت کراچی میں ہونے والے جلسے میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن اور دیگر قائدین کی موجودگی میں سندھ کے تمام مسائل کو اٹھائیں گے اور اس کے بعد پوری سندھ کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرہ کرکے عوام کو بیدار کیا جائے گا اور بعد میں سندھ کے مسائل اور لوٹ مار کیخلاف جیکب آباد سے کراچی تک لانگ مارچ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں