ساہیوال ڈویژن میں عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے 594منصوبوں پر ترقیاتی کام جاری

Spread the love

ساہیوال ( چوہدری محمد آ صف ندیم )ساہیوال ڈویژن میں عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے 594منصوبوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں جن پر موجودہ مالی سال کے دوران 8ارب 37کروڑ روپے خرج ہونگے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 116نئے منصوبے بھی شروع کئے جا رہے ہیں جن پر 13ارب52کروڑ60لاکھ روپے خرچ ہونگے جن میں سے 42منصوبے ضلع ساہیوال، 17ضلع اوکاڑہ اور 57ضلع پاک پتن سے ہیں۔ یہ بات کمشنر آفس میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے ہونے والے اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت کمشنر علی بہادر قاضی نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز واجد علی شاہ، کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اور احمر سہیل کیفی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس احمد خاور شہزاد، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم اور ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ڈویژنل اینڈ ڈسٹرکٹ افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں موجودہ مالی سال کے نئے 116منصوبوں میں سے 19کے ابھی تک ٹینڈرز نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تمام عمل جلد مکمل کر کے کام شروع کروایا جائے۔ انہو ں نے 31دسمبر تک ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں جاری کام کی مکمل تکمیل کے لئے ایکسین بلڈنگ کو ہدایت کی کہ وہ ڈبل شفٹ میں کام کروائیں اور روزانہ کی بنیاد پر پراگرس مانیٹر کریں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد نے بتایا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 80کروڑ روپے کے 83منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے کہا کہ سوشل ایکشن پروگرام کے تحت سکیموں کو بھی جلد فائنل کیا جائے تاکہ ان پر کام کا آغاز ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں