جیکب آباد(نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری اور پی ڈی ایم سندھ کے صدر علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ شہید وطن اور شہید اسلام علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں میونسپل اسٹیڈیم لاڑکانہ میں تاریخی شہید اسلام قومی کانفرنس سندھ کی سیاست میں تبدیلی لائے گی اور سندھ کو ”کھپانے“ فروخت والوں کا اب احتساب ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راشد محمود سومرو نے پی ڈی ایم سمیت مختلف پارٹیز کے رہنماؤں قومی قیادت، جے یو آئی کے رہنماؤں کارکنان اور شہید اسلام کانفرنس میں شریک عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور قومی حقوق کے لئے مرنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قائد پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن کی بے داغ اور نڈر سیاست ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے، ملک میں موجود یورینیم اور دیگر معدنیات سے اپنے وطن کو دنیا کی جنت بناسکتے ہیں اس ک لیے ملک کی عوام کو ظلم کے خلاف جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرنا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے لاڑکانہ میں متحد ہوکر نااہل حکمرانوں کو پیغام دیدیا ہے کہ اب عوام اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے میدان میں آچکی ہے، انہوں نے کہا کہ عوام دشمن، ملک دشمن حکمرانوں کا اب گھر جانا ٹہر چکا ہے۔کمر توڑ مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا محال کردیا ہے نااہل حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حوالے کردیا ہے لیکن اب قوم جاگ چکی ہے ملک کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
