جیکب آباد(نامہ نگار) پاکستان پرچم پارٹی کے چیئرمین ملک الطاف حسین نے کہا کہ یوکرین ایک آزاد ملک ہے جس پر روسی حملہ فوجی جارحیت تصور کیا جائے گا۔ اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو بھی روسی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرنا چاہئے کیوں کہ اگر ہم ایسا نہیں کرتے تو پھر مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور بیت المقدس پر بھارت اور اسرائیل کی فوجی جارحیت اور قبضے بھی جائز قرار پائیں گے لہذا انصاف پسند اور قومی آزادیوں پر یقین رکھنے والے تمام جمہوری ممالک کو چاہئے کہ یوکرین پر روسی حملے کی نہ صرف مذمت کی جائے بلکہ روسی فوج کے فوری انخلاء کا بھی مطالبہ ہونا چاہئے، ملک الطاف حسین نے کہا کہ اگر روسی حملے کی مذمت اور مزاحمت نہ کی گئی تو خدشہ ہے کہ روس دیگر پڑوسی ریاستوں کو بھی ماسکو فوجی جارحیت کا نشانہ بناسکتا ہے جس کے نتیجے میں عالمی امن بری طرح متاثر ہوگا۔
