جیکب آباد(نامہ نگار)جیکب آباد میں بیلوں دوڑ اور مرغوں کی لڑائی پرکروڑوں روپیوں کی جوا اور سماجی برائیوں کے خلاف جے یو آئی کا احتجاج، مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جمعیت علما ء اسلام کی جانب سے جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود میں بیلوں کی دوڑ اور مرغوں کی لڑائی پرکروڑوں روپیوں کی جوا سمیت منشیات فروشی اور سماجی برائیوں کے خلاف ایک احتجاجی جلوس تعلقہ امیر مولانا عبدالجبار رند، حافظ محمد رمضان سومرو، چاکر خان جکھرانی اور دیگر کی قیادت میں دفتر جے یو آئی سے نکالا گیا مظاہرین نے جلوس نکال کر شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کیا اور سماجی برائیوں کے خلاف نعریبازی کی مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد میں صدر تھانہ کی پولیس کی سرپرستی میں روزانہ بیلوں کی دوڑاور مرغوں کی لڑائی پر کروڑوں روپے کی جوا کھیلی جاتی ہے سرعام جوا چلنے کی وجہ سے سماجی برائیاں جنم لے رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں منشیات کا کاروبار عروج پر ہے لیکن پولیس سماجی برائیوں کی روکتھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کررہی جس سے نوجوان نسل تباہی کے کنارے پر پہنچ چکی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر تھانہ کے ایس ایچ او کے خلاف کاروائی کرکے جوا، منشیات اور سماجی برائیوں کو ختم کیا جائے۔
