جیکب آباد(نامہ نگار)عوامی اتحاد اور جے یو آئی نے نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے متعلق ریجنل حدبندی کمیٹی پر عدم اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں عوامی اتحاد اور جے یو آئی نے نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے متعلق بنائی گئی ریجنل حدبندی کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے،جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے بتایا ہے کہ عوامی اتحاد اور جے یو آئی کی جانب سے ریجنل الیکشن کمشنر لاڑکانہ میں یونین کونسل جاڑی، غلاموں، الن پور، جونگل سمیت دیگر یونین کونسلز کو نئی حلقہ بندیوں میں توڑنے کے خلاف ریجنل حدبندی کمیٹی کو درخواست دی گئی تھی لیکن کمیٹی کی جانب سے درخواست پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا اور کمیٹی ہمارے تحفظات کو دور کرنے کے بجائے حکومتی لوگوں کی خوش کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہم کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سے پہلے غلط حدبندیاں کرکے دھاندلی کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اب ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی اور انصاف نہ ملنے تک احتجاج کیا جائے گا۔
