جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں تحریک انصاف کے منحرف ایم پی اے کے متعلق شہر میں دلچسپ تبصرے ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی جانب سے تحریک انصاف کے منحرف ایم پی ایز کے خلاف لوٹے اٹھا کر کی گئی پریس کانفرنس اوراس کے جواب میں جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے منحرف رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے ویڈٖیو بیان کے بعد جیکب آباد کے شہریوں کی جانب سے دلچسپ تبصرے کئے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اسلم ابڑو نے تین بار پارٹیاں تبدیل کیں پہلے پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر مسلم لیگ نواز میں شامل ہوئے جس کے بعدوہ تحریک انصاف میں گئے اب دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں ایم پی اے کی سیٹ پر کامیابی پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر حاصل کی لیکن اسمبلی میں ووٹ پیپلز پارٹی کو دیا ہر الیکشن میں پارٹی تبدیل کرنا اچھی سیاست نہیں، نظریئے اور اصولوں کی سیاست پر مفادات حاوی ہو گئے ہیں سیاسی وفاداری تبدیل کرکے ووٹ کے تقدس کو پامال اور ووٹرس کے اعتماد کو توڑا جارہا ہے، انتخابی جلسوں میں پی پی کے کو چیئر مین آصف علی زرداری، فریال ٹالپور اور دیگر رہنماؤں کے خلاف کی گئی دھواں دار تقاریر کوئی نہیں بھلا پایا وڈیوز بھی موجود ہیں ان کا وہ کیسے دفاع کریں گے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ جب سیاستدان وفاداریاں تبدیل کرتے ہیں تو عوام کا ان پر اعتبار ختم ہوجاتا ہے انتخابات کے موقع پر پیپلز پارٹی کو سندھ کی دشمن جماعت قرار دینے والے اب تحریک انصاف کو سندھ کا دشمن قرار دیا جارہا ہے دوہرے معیارات کی وجہ سے عوام کا سیاستدانوں پر سے اعتبار ختم ہوگیا ہے۔
