گلگت (پ ر) AC / ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت امیر تیمور نے کہا کہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی ناقابل برداشت اور قابل سز ا جرم ہے ضلعی انتظامیہ کے جانب سے ہوٹل، موٹلز، گیسٹ ہاوسز اور کیفے ٹیریا پر سروس چارجز لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اسکے باوجود اضافی رقم بٹورنے کی خبریں سمجھ سے بالاتر اور لمحہ فکریہ ہے جو بھی حکنامے کی خلاف ورزی کریں گے سزا کا مستحق ہونگے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز مقامی میڈیا کیلئے جاری ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ عوامی شکایات پر سروس چارجز وصول کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف کریک ڈاون میں تیزی گئی ہیں، شہرکے نامی گرامی 3 ہوٹل سیل اور 4 گیسٹ ہاوسز مالکان پر جرمانے عائد کئے گئے ہیں،خلاف ورزی پر کاروائی جاری رہے گی۔ بعد ازاں جمعرات کے روز چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی گلگت امیر تیمور کے خصوصی احکامات پر تحصیلدار عاطف اللہ خان نے سیکٹر مجسٹریٹ محمد عباس اور میونسپل پویس فورس اور پولیس جوانوں کے ہمراہ شہر کے مختلف ہوٹلوں پر چھاپے مار ے، چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران سروس چارجز کے نام پر اضافی پیسے بٹورنے پر تین مشہور ہوٹلوں کو سیل اور 4 گیسٹ ہاوسز مالکان پر جرمانے عائد کردئے، اس موقع پر انہوں نے ہوٹل مالکان پر واضح کردیا کہ وہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی نہ کریں، جس چیز پر پابندی عائد کردی گئی ہے اس پر عملدرآمد کریں، کار سرکار میں مداخلت پر سخت کاروائی کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔ ضلعی انتظامیہ عوامی شکایات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ عوام الناس، مقامی و غیر مقامی سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سروس چارجز کے نام پر وصولیوں کی رسید یں شیئر کریں۔ تاکہ چھاپہ مار ٹیمیں اپنے اپنے سیکٹرز میں کاروائیوں کے ذریعے عوامی شکایات کاازالہ کرسکیں۔ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، انتظامی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو عبرت کانشان بنادیں گے۔
