وزیرآباد ( طارق ملک بیورو چیف )تاریخی اعتبار سے منفرد حیثیت کا حامل شہر وزیرآباد گوناں گوں مسائل سے دوچار ھے.مہنگائی اور دیگر معاشرتی مسائل کے علاوہ ناجائز تجاوزات اور صحت و صفائی کے معاملات شہریوں کے لئے وبال جان بن چکے ھیں. مین بازار،بکر گلہ،موتی بازار،برتن بازار،سرکلر روڈ،لاہوری گیٹ،کچہری روڈ،شیخ القران چوک،سیالکوٹ روڈ،احمد نگر روڈ اور دیگر سڑکوں پر تجاوزات کی بھرمار سے راستے مسدود ہو چکے ھیں. سٹریٹ لایٹ کے ناقص انتظام سے سورج ڈھلتے ہی ڈہر کے گلی محلے اندھیروں میں ڈوب جاتے ہیں میونسپل کمیٹی کی 35وارڈوں میں صفائی کا نظام درہم برہم ھے جہاں خاکروب نہ ہونے کے برابر ھیں سیاسی آشیرباد سے خاکروبوں کی سیٹوں پر ڈیلی ویجرز کی بنیاد پر بھرتی ہونے والے عناصر تنخواہوں کی موج مستی میں مصروف ہیں اور بلدیہ کا نظام شتر بے مہار کی طرح بے لگام ہو چکا ھے. گندگی کے ڈھیروں نے شہر کا حسن گہنا کر رکھ دیا ھے. شہر میں آوارہ کتوں کے غول گشت کرتے ہیں.شہر کے قبرستان بھی ان کی دستبرد سے محفوظ نہیں جہاں قبروں کو کھود کر خراب کر دیتے ہیں بچوں اور شہریوں کوکاٹنے کی شکایات بھی عام ہیں. بلدیہ کے حکام آوارہ کتوں کو تلف کرنے سے انکاری ہیں .چیف آفیسر اور سینٹری انسپکٹر کا موقف ہے کہ حکومت نے آوارہ کتوں کو مارنے پر پابندی عائد کر دی ھے . شہر کے متعدد سماجی حلقوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ھے کہ وزیرآباد کے شہریوں کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لئے ہنگامی پلان تشکیل دیا جائےاور بلدیہ کے ذمہ داران کو شہری مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں.
