سرکاری سکولز و کالجز میں کام کرنے والے لیب اٹینڈنٹس و درجہ چہارم کے ملازمین کی پچھلے کئی سالوں سے ترقیاں نہ ہو سکیں

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم ضلع بھر کے سرکاری سکولز و کالجز میں کام کرنے والے لیب اٹینڈنٹس و درجہ چہارم کے ملازمین کی پچھلے کئی سالوں سے ترقیاں نہ ہو سکیں، پڑھے لکھے درجہ چہارم کے ملازمین ترقیوں کے منتظر، درجہ چہارم کے ملازمین شدید ذہنی کوفت میں مبتلا، اعلیٰ حکام سے درجہ چہارم کے فرائض سرانجام دینے والے ملازمین کو محکمانہ پروموشن دینے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق ضلع بھر کے سکولز و کالجز میں سینکڑوں کی تعداد میں لیب اٹینڈنٹس اور درجہ چہارم کے ملازمین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ درجہ چہارم کی آسامیوں پر خدمات سرانجام دینے والے پڑھے لکھے نوجوانوں نے نوکریاں نہ ملنے کی بنیاد پر درجہ چہارم کی آسامیوں پر امتحان پاس کرکے بھرتی ہوئے تھے اور محکمہ تعلیم میں خدمات سرانجام دینا شروع کر دیں، کئی سال گزر جانے کے باوجود محکمانہ پروموشن نہیں کی گئیں جس کیوجہ سے کئی سال قبل بھرتی ہونے والے پڑھے لکھے نوجوان آج بھی درجہ چہارم کی آسامیوں پر کام کرنے پر مجبور ہیں،یہاں پر قابل زکر بات یہ ہے کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو مالی، چوکیدار، لیب اٹینڈ نٹس بھرتی کرکے کلرکس اور دفتری امور کی ڈیوٹیاں سونپ رکھی ہیں جو احسن طریقے سے ادا کی جارہی ہیں لیکن محکمانہ پروموشن دینے کی بجائے نوجوانوں کو لالی پاپ دیکر ان کا مستقبل داؤپر لگارکھا ہے۔ محکمہ تعلیم نے درجہ چہارم کے عہدوں پر بھرتی ہونے والے نوجوانوں کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم ہمارے صبر کا امتحان نہ لے درجنوں سے زائد کلرکس ہیڈ کلرکس، آفس سپرنٹنڈنٹس، ریٹائرڈ ہو چکے ہیں محکمہ تعلیم میں خدمات سرانجام دینے والے ملازمین کا حق بنتا ہے کہ انہیں پرموٹ کرکے اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا جائے تاکہ وہ اپنے بیوی بچوں کو بہتر طریقے سے 2 وقت کی روٹی مہیا کر سکیں اور اپنا کام دلجمی کے ساتھ کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں