ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )کمشنر ساہیوال ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت کی معیاری اور سستی سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے اور سرکاری ہسپتالوں کی سروسز میں بہتری اور مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے ،ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے نئے سرجیکل بلاک کی تعمیر مکمل ہونے سے ساہیوال ڈویژن اور ملحقہ علاقوں کے ایک کروڑ سے زائد عوام کو صحت کی جدید سہولیات دستیاب ہونگی -انہوں نے یہ بات ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے زیر تعمیر سرجیکل بلاک کے تفصیلی دورے کے دوران کہی -اس موقع پر کالج کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئر مین ڈاکٹر خاور سعید ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرمحمد عمران حسن خان اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا ،مختلف شعبوں کے سربراہان ڈاکٹر احمد ذیشان جمیل ،ڈاکٹر محمد سلیم ،ڈاکٹر صفیہ اظہار، ڈاکٹر خلیل احمد، ڈاکٹر نثار احمد سعیدی ،ڈاکٹر اختر محبوب ،ڈاکٹر ہارون گیلانی ،ڈاکٹر محمد وسیم، ڈاکٹر سلیم اختر، ڈاکٹر ساجد مصطفے، ڈاکٹر فرخ شہزاد، ڈاکٹر نجم الثاقب، ڈاکٹر محمد رضوان اور ڈاکٹر رفیع عباس اور ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر محمد علیم بھی موجود تھے -کمشنر جاوید اختر محمود نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنی پوری توجہ مریضوں کو بہترین علاج فراہم کرنے پر دیں کیونکہ اللہ تعالی کے نزدیک دکھی انسانیت کی خدمت سب سے اہم صدقہ جاریہ ہے ،انہوں نے ہسپتال کو در پیش ڈاکٹرز اور طبی عملے کی شدید کمی کو پورا کرنے کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس سے پہلے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے بتایا کہ 7ارب 9 کروڑ روپے کی لاگت کا یہ بڑا منصوبہ جون 2023تک مکمل ہو جائے گا جس سے ہسپتال میں بیڈز کی تعداد377سے بڑھ کر 1150ہو جائے گی اور میڈیکل کے تمام شعبوں کی سروسز کی فراہمی شروع ہو سکے گی -انہوں نے مزید بتایا کہ 35کروڑ روپے کی لاگت سے MRIمشین نومبر تک ہسپتال میں انسٹال کر لی جائے گی -انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی شدید کمی کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی میں بڑی رکاوٹ قرار دیا -اس سے پہلے کمشنر جاوید اختر محمود نے اینڈوکرائن اینڈ ڈائباٹیز سنٹر کا افتتاح کیا جس میں معدہ ،شوگر اور دوسری بیماریوں کی تشخیص اور علاج میں بڑی مدد ملے گی اور ان بیماریوں کے علاج کے لئے طبی عملے کی تربیت بھی ممکن ہو سکے گی۔ بعد ازاں کمشنر جاوید اختر محمود نے نئے سرجیکل ٹاور میں آئی ڈیپارٹمنٹ کا بھی افتتاح کیا۔
