صوبائی حکومت عوام کو در پیش درینہ مسائل حل کرنے اور دور دراز علاقوں کے مکینوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے

Spread the love

ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )ڈسٹرکٹ کو آرڈی نیشن کمیٹی کے چیئر مین اور ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضی اقبال خاں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو در پیش درینہ مسائل حل کرنے اور دور دراز علاقوں کے مکینوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے، متعلقہ محکمے ان فنڈز کے بروقت اور درست استعمال کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں -انہوں نے یہ بات منٹگھمری ہال میں کمیٹی کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر کامران خان اور ڈی پی او صادق حسین بلوچ سمیت کمیٹی ممبران ممبر صوبائی اسمبلی میجر (ر) غلام سرور،تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شکیل خاں نیازی،ضلعی صدر رانا آفتاب احمد خان،ضلعی جنرل سیکرٹری ملک فیصل جلال ڈھکو،چیئر مین پی ایچ اے سید مظفر رضوان شاہ،شیخ شاہد حمید،چوہدری وحید اصغر ڈوگر،میجر (ر) ڈاکٹر مظہر شیرازی اور ملک ساجد اعوان ایڈوکیٹ نے بھی شرکت کی -اجلاس میں ڈی پی او صادق حسین بلوچ نے امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ بچوں کے اغواء کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں اور عوام کو ان افواہوں پر قطعا یقین نہیں کرنا چاہیے -چیئر مین رائے مرتضی اقبال خاں نے ایس ایچ اوز کے ساتھ رابطہ کرنے میں عوام کو در پیش مشکلات کا ذکر کیا اور تجویزپیش کی کہ ہر ایس ایچ او کو ایک سرکاری موبائل نمبر الاٹ کیا جائے جو اسی تھانہ کے ایس ایچ او کے پاس بلحاظ عہدہ رہے -ڈی پی او نے اس تجویز پر غور کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تمام ایس ایچ اوز کو واضح ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر سنیں۔ اجلاس میں مختلف دیہاتوں میں جاری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سکیموں پر بھی غور کیا گیا اور چیئر مین رائے مرتضی اقبال خاں نے عرصہ دراز سے نامکمل سکیموں پر اظہار ناراضگی کیا اور ہدایت کی کہ ان سکیموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ ان کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں -اجلاس میں ساہیوال شہر میں پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ شہر میں سیوریج اور پینے کے پانی کی فراہمی کی نئی پائپ لائنز بچھائی جا رہی ہیں جبکہ شہری ضروریات پورا کرنے کے لئے نئے ٹیوب ویل اور واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی لگائے جا رہے ہیں -شیخ شاہد حمید نے اجلاس کی توجہ فتح شیر روڈ کی تعمیر کی طرف دلاتے ہوئے اس کی سست روی پر تشویش کا اظہار کیا جس پر چیئر مین رائے مرتضی اقبال خاں نے سٹی مینجر محمد اسجد خاں کو ہدایت کی کہ سڑک کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دن رات کام کر کے دور کیا جائے تاکہ اس اہم منصوبے کو جلد مکمل کیا جا سکے -انہوں نے کھدائی کی گئی لائنوں کوپائپ ڈالنے کے ساتھ ساتھ دوبارہ مرمت کرنے کی بھی ہدایت کی -تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شکیل خان نیازی نے پی ایچ اے ساہیوال کی ناقص کارکردگی کا معاملہ بھی اجلاس میں اٹھایا اور کہا کہ چیئر مین پی ایچ اے کے پاس کوئی اختیار نہیں جس کی وجہ سے پارکوں اور شہر کی مرکزی شاہرا?ں کی خوبصورتی کے منصوبے شروع نہیں کئے جا رہے جس پر چیئر مین رائے مرتضی اقبال خاں نے ڈپٹی کمشنر کامران خان سے درخواست کی کہ وہ پی ایچ اے کے معاملات میں ذاتی دلچسپی لیں اور مقامی سیاسی قیادت کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کو حل کرائیں -اجلاس میں ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں پر بھی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو نے بریفنگ دی اور بتایا کہ فنڈز کے مسلسل استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے -ملک فیصل جلال ڈھکو کی نشاندہی پر کمیٹی نے میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر کو شہر کی اہم سڑکوں کے پیچ ورک کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ شیخ شاہد حمید کی نشاندہی پر کارپوریشن میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کی تفصیلات بھی کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں