جیکب آباد (نامہ نگار) جیکب آباد میں بجلی کی بدترین کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج، قومی شاہراہ اور پریس کلب کے سامنے دھرنے، سیپکو حکام کے خلاف نعریبازی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں قیامت خیز گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف علی محمد عوامی پارٹی کی جانب سے ایک احتجاجی جلوس چیئرمین دلمراد لاشاری کی قیادت میں نکالا گیا، جلوس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے جلوس نکال کر قومی شاہراہ پر دھرنا دیا بعدازاں شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرنے کے بعد پریس کلب کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد ایشیاء کا گرم ترین شہر ہے جہاں اس وقت گرمی کا درجہ حرارت 51 سے 52 سینٹی گریڈ ہے لیکن اس کے باوجود 16 سے 18 گھنٹوں تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوام شدید اذیت کا شکار اور کاروبار مکمل ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے، انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو سیپکو آفیس کا گھیراؤ کیا جائے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایشیاء کے گرمی ترین شہر جیکب آباد کو لوڈشیڈنگ فری قرار دیا جائے۔
