مقامی حکومت گلگت بلتستان۔ گلگت
گلگت (پ ر) AC / ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر) عادل علی نے کہا کہ جوٹیال کے عوام کو درپیش درینہ مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ لائن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے عملی اقدمات کرے گی تعلیم، صحت، پانی، بجلی، روڈ، زراعت، سمیت دیگر اہم مسائل حل ہونگے، اس کیلئے عوام کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، مسائل کی نشاندہی کی جائے، ضلعی انتظامیہ ساتھ دے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز جوٹیال بالا ویٹر نری لیبارٹری آفس میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس قبل جوٹیال بالا کے عمائدین نے درپیش مسائل سے آگاہ کیا، اوراہلیان جوٹیال کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، بجلی کی بلاوجہ لوڈ شیڈنگ، تعلیمی سہولیات کے فقدان، سکولوں کی حالت زار، مڈل سکول کو ہائی سکول سکول کا درجہ دینے سمیت اساتذہ کی کمی کو دور کرنے، رابطہ سڑکوں کی تعمیر، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی، سمیت دیگر مسائل کو اجاگر کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر گلگت نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ فوری نوعیت کے اہم مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے ضلعی سربراہان سے رابطہ کرے گی اوران کے حل کیلئے عملی اقدمات کرے گی۔ واضح رہے ضلعی انتظامیہ کے جانب سے عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کو عوام میں سراہا جارہا ہے، ڈپٹی کمشنر کے قیادت میں ضلعی انتظامیہ کے عوامی خدمات کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو مثبت انداز میں دیکھا جارہا ہے یاد رہے سیکٹر وائز سطح پر مسائل کے حل کیلئے چیف سیکریٹری نے ضلعی انتظامی آفیسران کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ وہ کھلی کچہریوں کے ذریعے بنیادی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں، ضلعی انتظامیہ گلگت کی جانب سے بدھ کے روز منعقدہ کھلی کچہری اس سلسلے کی کڑی تھی
