ڈویژنل اہل حدیث کانفرنس منعقدہ لیاقت باغ راولپنڈی میں شرکت کے لیے جہلم سے ایک بڑا قافلہ روانہ ہوگا۔حافظ عبد الحمید عامر

Spread the love

اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے زیر اہتمام 2 نومبر بعد ازمغرب ایک تاریخ ساز کانفرنس ہونے جارہی ہے۔

جہلم(محمد زاہد خورشید ) ڈویژنل اہل حدیث کانفرنس منعقدہ لیاقت باغ راولپنڈی میں شرکت کے لیے جہلم سے ایک بڑا قافلہ روانہ ہوگا، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے ایک مشاورتی اجلاس میں کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ملک پاکستان کے قیام میں جس طرح اہل حدیث کا کردار ایک تابندہ و درخشندہ باب ہے، بالکل اسی طرح وطن عزیز میں اسلامی عقائد و اقدار کے تحفظ کی خاطر مرکزی جمعیت اہل حدیث اور اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کی کاوشیں اور انقلابی جہود ناقابل فراموش ہیں۔2 نومبر کو راولپنڈی کے وسیع و عریض میدان لیاقت باغ میں منعقد ہونے والی کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو لازمی طور پر ملکی امن و سلامتی اور تعلیم و تربیت سے متعلق اپنا مؤثر اور مثبت پیغام دے گی اور عقیدہ توحید، ختم نبوت اور ناموس صحابہ و اہل بیت کے تحفظ میں اپنا نمایاں کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ نائب مدیر الجامعہ حافظ عبدالغفور جہلمی اس کانفرنس کی نظامت کر رہے ہیں۔ سابقہ روایات کے مطابق اہلیان جہلم بڑے جوش و جذبے کے ساتھ کانفرنس میں شرکت کریں گے، اسی سلسلے میں جہلم سے ایک بڑاقافلہ 2 نومبر بروز ہفتہ 3 بجے سہ پہر جامعہ علوم اثریہ سے روانہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں