وزیرآباد(طارق جاوید ملک) امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور کاروباری برادری کے تحفظ کے لیے تمام قانونی اقدامات کرنا اولین ترجیح ہے، کرائم ٹارگٹس، سیکیورٹی انتظامات، ڈکیتوں چوروں اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں،بازاروں میں بیٹ گشت، سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب نو اور ٹریفک کے مسائل کے خاتمے کے لیے کام جاری ہے، شہر میں ہونے والے حالیہ ڈکیتی کے واقعات میں ملوث ملزمان جلد گرفت میں ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار ایس ڈی پی او وزیرآباد حسن بلال نے جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر ناصر محمود کلیر،ضلعی نائب امیر صابر حسین بٹ، سنیئر نائب صدر مرکزی تنظیم تاجران محمد اکبر بٹ،صدر ٹریول ایسوسی ایشن ملک تنویر احمد،رابطہ سیکرٹری راجہ بشارت وارث،صرافہ ایسوسی ایشن کے چوہدری سعید اللہ والے،صدر موبائل ایسوسی ایشن رضوان بٹ،صدر انجمن تحفظ حقوق عوام افتخار احمد بٹ،صدر پراپرٹی ایسوسی ایشن مرزا غلام مصطفی،سید شہباز بخاری جنرل سیکرٹری انجمن شہریاں،کاشف اشرف سے ملاقات کے موقع پر کیا۔وزیرآباد شہر میں ڈکیتی و رہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر تاجر تنظیموں کے وفد نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں ناصر محمود کلیر اور صابر حسین بٹ کے ہمراہ ایس ڈی پی او وزیرآباد حسن بلال اے ایس پی سے ملاقات کی۔ وفد نے تاجروں کے تحفظات اور شہر کی صورت حال کی بابت اے ایس پی سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او حسن بلال نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ شہر اور گردونواح میں ہونے والے ڈکیتی و چوری کے ملزمان جلد گرفتار کر لئے جائیں گے۔ مشکوک افراد کی مؤثر چیکنگ، موٹرسائیکل چور گروہوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ خواتین، بچوں، اور دیگر کمزور طبقات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ حساس عمارتوں، عبادت گاہوں، بینکوں، اور جیولری شاپس کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بدمعاشی اور اسلحہ کلچر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وفد نے اے ایس پی حسن بلال کو تاجروں کے تحفظات اور مسائل سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ انکی تعیناتی کا خیر مقدم بھی کیا۔ اے ایس پی نے واضح کیا کہ بدامنی کا باعث بننے والے تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی اور کاروباری طبقے کے تحفظ کیلئے تمام قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
