وزیر آباد (طارق جاوید ملک بیورو چیف) اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ مسلم قوم کا وطیرہ ہے ۔ فلاحی ادارے انسانیت کی فلاح میں بےمثال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انسانی فلاح کے مشن میں مسلم ہینڈز کا کردار بین الاقوامی سطح پر مسلمہ حقیقت بن چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار محمد وقار چیمہ ایم پی اے نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیر آباد اور سوہدرہ میں مسیحی کمیونٹی اور ملازمین میں کرسمس کے موقع پر راش اور نقدی تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مہمان خصوصی اسٹنٹ کمشنر رب نواز چدھڑ نے کہا کہ پسماندہ اور کم وسائل کے حامل طبقات کی خوشیوں کو دوبالا کرنا انسانی ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اور خدمت کے جذبے سے سر شار تنظیمیں معاشرے میں روشن چراغ کی مانند ہیں۔صدر تقریب مسلم ھینڈز کے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیاء النور نے اپنے خطاب میں کہا کہ نفسانیت اور مادہ پرستی کے دور میں ضرورت مند طبقوں کی سرپرستی ہمارا دینی فریضہ ہے۔اور نبی رحمت صلی اللّہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہمیں اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک اور ان کی فلاح کا درس دیتی ہیں۔ لائیولی ہڈ۔ آ فیسر سردار شمس الرحمٰن نے بتایا کہ ماضی کی روایات کے مد نظر امسال بھی مسیحی کمیونٹی کے افراد میں ونٹر پیکج تقسیم کرنے کا عمل جاری ہے اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور سوہدرہ میں راشن اور نقدی کی تقسیم اس سلسلہ کی کڑی ھے۔ انجمن بہبودی مریضاں کے صدر چوہدری ناصر محمود اللّہ والے نے کہا کی سول ہپستال کے ملازمین کی فلاح ہمارے مشن کا حصہ ہے۔ ایم ایس ڈاکٹر سعدیہ فرجاد نے اپنے خطاب میں مسلم ھینڈز اور انجمن بہبودی مریضاں کے اکابرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غریب کمیونٹی کے افراد کی امداد ہمیشہ معاشرے کے درد مند اصحاب کا شیوہ رہی ہے۔اس موقع پر ممتاز تاجر چوہدری محمد الیاس نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ضروریات پوری کرنے کے لئے سٹیشنری کا سامان بطور عطیہ ایم ایس ڈاکٹر سعدیہ فرجاد کے حوالے کیا۔ پریس کلب کے صدر افتخار احمد بٹ،ڈاکٹرتیمور نے دیگر مہمان شخصیات کے ہمراہ راشن اور نقدی کے پیکٹ مستحقین میں تقسیم کئے۔تقریب میں مسلم ہینڈز کے پبلک ریلیشن پرسن طارق جاوید ملک ،عمران سنی،محمد سرور،عابد مغل افتحار حسین صدیقی،محمد اسلم جتالہ اور دیگر سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
