ساہیوال ( چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف )کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا فرید ٹاؤن روڈ اور کالج چوک کی تعمیر نو میں غیرضروری تاخیر پر اظہار ناراضگی۔ عوام کی پریشانی کا سبب بننے والے اس منصوبے پر کام تیز کیا جائے، کمشنر ساہیوال۔ موجودہ رفتار سے یہ فروری تک بھی مکمل نہیں ہوگا۔ ٹھیکیدار اپنی من مرضی کررہا ہے،سٹی مینجر کی بریفنگ۔ کمشنر کی طرف سے متعلقہ ٹھیکیدار کو نوٹس دینے کی ہدایت۔اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کمشنر شعیب اقبال سید نے فرید ٹاؤن روڈ، کمپری ہنسو سکول چوک، کالج چوک، کالج روڈ اور مال منڈی چوک کی تعمیر نو کے جاری کام میں روایتی سست روی پر شدیدناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو نوٹس دینے کی ہدایت کی۔ سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ ٹھیکیدار واضح ہدایات کے باوجود کام تیز نہیں کررہا اس لئے یہ اہم منصوبہ فروری تک بھی مکمل ہوتا نظر نہیں آرہا۔ اجلاس میں کمشنر نے بھٹہ چوک میں ایک زیر تعمیر گھر کی ریت اور بجری سڑک پر رکھنے اور چوک یادگار میں ایک شوروم مالک کی طرف سے گاڑیوں کے سڑک پر دھونے پر جرمانہ کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے پاک پتن چوک، دیپالپور چوک اور صدر بازار میں تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے شہر میں صفائی کی عمومی صورت حال پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ گندگی میں ساہیوال پنجا ب میں چھٹے نمبر پر ہے جو سب کے لئے باعث شرمندگی ہے۔ انہوں نے سینٹری انسپکٹرز کو صفائی کی صورت حال بہتر بنانے کے لئے سینٹری ورکرز کے کام کی سخت مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔
