جہلم ( بلا ل رضا) جہلم میں پہلے ہائر ایجوکیشن ٹیچرز سپورٹس مقابلے کے تحت ضلعی سطح پر ٹگ آف وار کا میچ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سول لائنز جہلم نے منعقد کیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ فوکل پرسن مسز صائمہ اور تمام کالجز کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سول لائنز جہلم، گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین جہلم، گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے کامرس بلال ٹاؤن جہلم، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سوہاوہ، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سنگھوئی اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین جلالپور کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
دلچسپ مقابلوں کے بعد گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سول لائنز جہلم 6 راؤنڈز جیت کر فائنل میں پہنچ گئی اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین جلالپور نے بھی گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین جہلم کی ٹیم کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ شدید فائنل میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سول لائنز جہلم نے ایک بار پھر کامیابی حاصل کی اور ناقابل شکست رہی۔
تمام ٹیموں نے لطف اٹھایا اور میزبان کالج کے انتظامات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا اساتذہ کی کھیلوں کے لیے حوصلہ افزائی کا یہ بہت اچھا اقدام ہے۔ یہ انہیں توانائی بخشے گا اور کالجوں میں کھیلوں کے کلچر کو زندہ کرے گا۔
