وزیرآباد(ملک طارق جاوید) پولیس حراست سے ڈاکو کو چھڑوانے کی کوشش،ڈاکو کے ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے زخمی ڈاکو ہسپتال منتقل، حالت خطرہ سے باہر، فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار،پولیس نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔وزیرآباد کے علاقہ پیر میٹھا قبرستان روڈ پر پولیس تھانہ سٹی کی ٹیم گرفتار ڈاکو زوہیب ولد امجد علی سکنہ کامونکی کو مال مسروقہ کی برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر زیر حراست ملزم کے ساتھیوں کی جانب سے پولیس پارٹی پر مبینہ طور پر فائرنگ کی گئی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس سب انسپکٹر محمد آصف بال بال محفوظ رہے پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کے بعد ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جبکہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم زوہیب زخمی ہو گیا جسے سول اسپتال وزیرآباد منتقل کر دیا گیا جہاں اسکا علاج معالجہ جاری ہے ملزم کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے جبکہ پولیس کی جانب سے فائرنگ کرنے والے ملزمان کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
