ساہیوال( چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف) یونیورسٹی آف ساہیوال میں سالانہ بہار میلہ جاری، تیسرے دن ثقافت و کلچر کی نمائش، کھیلوں کے مقابلوں، بزنس آئیڈیاز اور پروجیکٹس کی نمائش کے حسین امتزاج، ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کی شرکت۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف ساہیوال میں جاری رنگا رنگ میلے کے تیسرے روز طلباء، فیکلٹی ممبران، کاروباری شخصیات، ڈویژنل انتظامیہ، میڈیا اور سول سوسائٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور طلبہ و طالبات میں چھپا بے پناہ ٹیلنٹ دیکھا اور انکی صلاحیتوں کو خوب سراہا۔ اس موقع پر کاروباری میلہ (Entrepreneurship Gala) کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں طلبہ نے اپنے اختراعی خیالات کو مہمانوں کے سامنے پیش کیا۔ممبرز صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اور محمد ارشد ملک، کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کے علاوہ مقامی اور بین الاقوامی مصنفین اور سماجی کارکنان ڈاکٹر جے پی سنگھ اور سید علمدار بخاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس کے بعد سالانہ سپورٹس گالا کا باقاعدہ افتتاح ہوا جس میں دلچسپ مقابلے ہوئے۔ اسی طرح طلبہ کے ثقافتی شوکو بھی میلے میں مرکزی حیثیت حاصل ہوئی۔ مہندی، کھانا پکانے اور میک اپ کے مقابلے بھی ہوئے، جن میں طلباء کی متنوع صلاحیتوں کو نمایاں کیا گیا۔ نیزہ بازی کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیاجس نے ہر طبقے کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے تمام ایونٹس کی قیادت کی۔
