ڈائریکٹر آرکیالوجی پنجاب اور سابق کیوریٹر ہڑپہ میوزیم محمد حسن کی ریٹائرمنٹ پر ہڑپہ میوزیم میں خصوصی الوداعی تقریب کا انعقاد

Spread the love

ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف )ڈائریکٹر آرکیالوجی پنجاب اور سابق کیوریٹر ہڑپہ میوزیم محمد حسن کی ریٹائرمنٹ پر ہڑپہ میوزیم میں خصوصی الوداعی تقریب کا انعقاد۔ ممبر صوبائی اسمبلی نوید اسلم خان لودھی، سیاسی رہنما عائشہ ارشد خان لودھی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، کیوریٹر ہڑپہ میوزیم احمد نواز ٹیپو اور سابق ڈائریکٹر کالجز چوہدری عبدالمجید سمیت علاقہ معززین، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔ مقررین نے ہڑپہ میوزیم میں جدید سہولیات کی فراہمی اور ہڑپہ کے تہذیبی ورثے کی حفاظت کے لئے گراں قدر کاوشوں پر محمد حسن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی نوید اسلم خان لودھی نے اپنے خطاب میں یقین دلایا کہ ہڑپہ کو ورلڈ ہیرٹیج سائٹ کا درجہ دلانے کے لئے پنجاب حکومت سنجیدہ کوششیں کرے گی تاکہ اسے بین الاقوامی سیاحت کے لئے پروموٹ کیا جا سکے۔ سیاسی رہنما عائشہ ارشد خان لودھی نے حالیہ ہڑپہ فیسٹول کے انعقاد کو علاقے کی ثقافتی ترویج میں ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ ہڑپہ کی تہذیب و ثقافت کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے لئے سارا سال پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ملکی و غیرملکی سیاح اس عظیم تہذیبی ورثے کو دیکھنے کے لئے ہڑپہ آئیں۔ تقریب کے آخر میں ڈائریکٹر آرکیالوجی محمد حسن کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں