مساجد کے گمنام محافظ اور ہمارے فرائض

Spread the love

تحریر ڈاکٹر منصور احمد

مسجد اللہ کا گھر ہے اور روحانیت کا سر چشمہ۔ یہی وہ پاکیزہ مقام ہے جہاں دِلوں کو سکون اور روح کو طہارت حاصل ہوتی ہے۔ مسجد کا تقدس اور نظم و ضبط برقرار رکھنے میں کچھ لوگ خاموشی سے اپنی زندگیاں اس فریضہ کے لئے وقف کر دیتے ہیں۔ مسجد میں یہ فرائض خادم اور مؤذن ادا کرتےہیں۔
یہ وہ گمنام مجاہد ہیں جو ایک طرف مسجد کے نمازیوں کی خدمت میں ہمہ وقت مشغول رہتے ہیں اور عوام الناس کا ہر مشورہ اور مطالبہ ان کے لئے انتہائی اہم ہوتا ہے، دوسری طرف یہ لوگ مسجد کمیٹی کے احکام کے پابند ھوتے ھیں۔ عموماً ان کی گزر بسر محلے کے بچوں کو ناظرہ قرآن پڑھا کر یا انتظامی کمیٹی کی طرف سے ملنے والی معمولی تنخواہ پر ہی ہوتی ہے۔اس رقم سے بمشکل ہی گھر کا چولہا جلتا ہے ۔
انکے فرائض میں مسجد کے باتھ روم کی صفائی سے لے کر وقت پر اذان دینا، بوقتِ ضرورت امامت کروانا ، کسی بھی ناگہانی صورت میں میت کو غسل دینا اور دوسرے انتظامات کرنا شامل ہیں۔
انکی فضیلت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے
کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد کی صفائی کرنے والی ایک بوڑھی عورت کی وفات پر کہا کہ تم نے مجھے اسکی اطلاع کیوں نہ دی ۔۔پھر آپ نے اس کی نمازِ جنازہ پڑھائی ۔
اس واقعہ سے ہمیں اس بات کا اشارہ مل رہا ہے کہ مسجد کی خدمت کرنے والا شخص کتنا معتبر ہے۔ مؤذن وہ خوش نصیب ہے جسے دن میں پانچ بار لوگوں کو ربّ کی طرف بلانے کی سعادت حاصل ہوتی ہے۔
اللہ اکبر اللہ اکبر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ صرف اذان ہی نہیں بلکہ مسلم معاشرے میں اخوت ،بھائ چارہ اور دین سےمحبت کی عکاس ہے۔
مفہومِ حدیث
مؤذن کی آواز جہاں تک جاتی ہے وہاں تک کی ہر چیز قیامت کے دن اُس کے حق میں گواہی دے گی۔ (حدیث)

قیامت کے دن مؤذن سب سے لمبی گردن والے(معزز )ہوں گے.(مسلم)

مؤذن کی آواز سن کر فرشتے درود بھیجتے ہیں اور شیطان بھاگ جاتا یے۔ دِلوں کو سکون ملتا ہےاور نمازی مسجد کی راہ لیتے ہیں۔

مسجد کی صفائی کرنے والوں کے بارے میں ایک حدیث مبارکہ ہے۔
مفہوم
مسجد سے کوڑا ہٹانا جنَّتی عورتوں(حُوروں )کا مہر ہے۔(طبرانی)

مسجد کے خادم اور مؤذن کا دل مسجد سے جڑا رہتا ہے۔
مفہومِ حدیث ہے کہ قیامت کے دن سات قسم کے لوگوں کو اللہ تعالیٰ اپنے عرش کے سائے میں جگہ دے گا ،ان میں سے ایک وہ شخص ہے جس کا دل مسجد سے وابستہ رہتا ہے۔(صحیح بخاری و صحیح مسلم)
جو مسجد کی خدمت کرے وہ رب کا پیارا ہے اور رب کی طرف بلائے وہ رب کا سفیر ہے۔ اس لئے ہم سب کا فرض ہے کہ ان ساتھیوں کی تہہِ دل سے عزت کریں۔۔ ان کے لئے آسانیاں پیدا کریں اور ان کے لئے دعاگو رہیں۔ خادم ہو یا مؤذن، دونوں اِسلام کے خاموش سپاہی ہیں ۔ ان کی خدمات نہ صرف دینی لحاظ سے معتبر ہیں بلکہ قیامت کے دن انکے لئے بخشش اور عظیم اجر کا ذریعہ بھی ہیں۔

تمہید کے طور پر چند باتیں کہنے کا مقصد ان گمنام سپاہیوں کی افادیت اور فضیلت پر روشنی ڈالنا تھا۔۔
آج کل مہنگائی کے اس دور میں جہاں حج اور عمرہ ادا کرنا مشکل تر ہوتا جا رہا ہے وہاں اس سعادت کو حاصل کرنےکے حقدار بھی یہی سفید پوش گمنام سپاہی ہیں۔
اسلام نے عبادات کے ذریعے نہ صرف اللہ سے تعلق مضبوط کرنے کا درس دیا ہے ، بلکہ دوسروں کی مدد اور خدمت کو بھی عظیم نیکی قرار دیا ہے۔انہی عظیم اعمال میں سے ایک نیکی یہ بھی ہے کہ کسی دوسرے شخص کو حج یا عمرہ کروایا جائے۔ خاص طور پر ایسے فرد کو جو اسکی استطاعت نہ رکھتا ہو۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے ۔
اور اللہ کے لوگوں پر فرض ہے جو اس کے گھر تک جانے کی استطاعت رکھے وہ اسکا حج کرے۔(سورہ آل عمران:97)
جب کوئی شخص کسی دوسرے کی استطاعت کا سامان پیدا کرتا ہے۔ تو گویا وہ اللہ کے ایک حکم کی تکمیل میں اُس کی مدد کرتا ہے جو بہت بڑی نیکی ہےاور اس کا بیش بہا اجر ہے۔
حدیث مبارکہ ہے
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص کسی مسلمان کی دنیاوی حاجت پوری کرتا ہے اللہ اسکی آخرت کی حاجات پوری کرتا یے۔ (صحیح مسلم)

کسی کو حج یا عمرہ کروانا محض ایک مالی تعاون نہیں بلکہ اسکے ساتھ ساتھ صدقہ جاریہ بھی ہے۔
کسی دوسرے مسلمان کو حج یا عمرہ کروانے کا اجر اُس وقت سے ہی شروع ہو جاتا ہے جیسے ہی وہ سفر بیت اللہ کا آ غاز کر دے۔ دعائیں مانگے، طواف ، سعی اور قربانی کرے یا بعد از حج و عمرہ اپنی زندگی میں وہ نیکیاں کرے جن کا آغاز اُس مقدس سفر سے ہوا ۔
حدیث مبارکہ ہے
جب انسان فوت ہو جاتا ہے تو اسکے اعمالِ دنیاوی منقطع ہو جاتے ہیں سوائے تین کے ، صدقہ جاریہ ، علم نافع ، اور نیک اولاد ۔(مسلم)

اگر آپ کسی کو حج یا عمرہ کرواتے ہیں تو یہ عمل آپکے لئے صدقہ جاریہ بن جاتا ہے

کسی کو اللہ کے گھر تک پہنچانا خود اللہ کے قرب کا ایک ذریعہ ہے۔
اللہُ تعالیٰ ھم سبکو توفیق عطا فرمائے کہ ہر خیر اور صدقہ جاریہ کے کام میں بھر پور کردار ادا کر سکیں؛

آمیـــــــــــــن ثم آمین یا رب العالمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں