جہلم شہرکے چوک چوراہوں سے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار غائب،

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم شہرکے چوک چوراہوں سے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار غائب، ٹریفک کا نظام درہم برہم،شہر کے متعدد مقامات پر ریسکیو 1122 کی گاڑیاں، ایمبولنسز پھنس کر رہ جاتی ہیں۔کسی چوک چوراہے پر غلطی سے کوئی ٹریفک پولیس کا افسر یا اہلکار کھڑا ہو تووہ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کی بجائے سائیڈ پر کھڑے ہو کر نہ صرف تماشہ دیکھتے ہیں بلکہ ان کی توجہ دیہی علاقوں سے خریداری کے لئے آنیوالے موٹر سائیکل سواروں پر ہوتی ہے جن کے وہ چالان کرنے کے لئے متحرک دکھائی دیتے ہیں، لاکھوں روپے کے اخراجات سے شاندار چوک میں نصب ہونے والے سگنل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عدم توجہی کے باعث ناکارہ ہو کر رہ گئے ہیں بلکہ شاندار چوک میں اشارے کنٹرول کرنے والا سسٹم بھی غائب کر دیا گیا ہے۔ جادہ چوک، چوک گنبد والی مسجد، روہتاس روڈ، شاندارچوک،محمدی چوک، کچہری چوک، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت دیگر چوک چوراہوں پر ٹریفک کا جام ہونا روزانہ کامعمول بن چکا ہے، ٹریفک پولیس کا عملہ ان چوراہوں پر کھڑی ہونیوالی گاڑیوں کے بااثر مالکان کے خوف سے انہیں چوراہوں میں گاڑیاں پارکنگ کرنے سے منع کرنے سے گھبراتے ہیں، جو ٹریفک کی روانی میں بڑی رکاوٹ بنتی ہیں اس کے علاوہ اندرون شہر کی سڑکوں پر جگہ جگہ رکشہ سٹینڈ قائم ہونے سے بھی ٹریفک کا جام ہونا معمول بن گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے معلوم ہوتا ہے کہ ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک کو شہریوں کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں، ٹریفک پولیس کا عملہ تو موجود ہوتا ہے لیکن اہلکار چوک چوراہوں میں ڈیوٹیاں سر انجام دینے سے کتراتے ہیں جس کیوجہ سے شہریوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ڈی ایس پی ٹریفک اور ٹریفک پولیس کے ذمہ داران اپنے دفتروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک پولیس کا عملہ ذمہ داری نبھانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتا ہے اور شہر بھر میں ٹریفک کا جام ہونا ٹریفک پولیس کے افسران کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے شہریوں نے آئی جی پنجاب پولیس، ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں