جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم گزشتہ روز ہونے والی بارش نے میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کا پول کھول دیا، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا، سکر مشین سمیت تمام مشینری محفوظ کر لی گئی، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز علی الصبح ہونے والی بارش سے شہر کی سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے شہریوں کا شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا، صبح 9 بجے تک میونسپل کارپوریشن کے سینٹری ورکر ز نے پانی کی نکاسی کے لئے کسی قسم کے انتظامات نہ کئے، جس کیوجہ سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نالوں پر میونسپل کارپوریشن کے عملے کیوجہ سے پختہ تعمیرات ہو چکی ہیں جس کیوجہ سے شہر کاپانی دریا میں بہنے کی بجائے سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے، شہر کے دکانداروں نے نالوں پر پختہ تعمیرات کر رکھی ہیں جبکہ نالوں کی مون سون سے قبل صفائی نہ ہونے کیوجہ سے حالیہ بارشوں میں تباہی مچا دی ہے اور گندا پانی سڑکوں پرجمع ہو کر تالابوں کی منظر کشی کرنے لگتا ہے،دوسری جانب میونسپل کارپوریشن عملے کی عدم دلچسپی کیوجہ سے دکانداروں اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نالوں کی صفائی کرکے گلیوں اور سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کو نکالا، جی ٹی روڈ مجاہد آباد کے مقام پر سروس روڈ کے ساتھ بنائے گئے نالوں کی صفائی نہ ہونے کیوجہ سے جی ٹی روڈ پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا جس کیوجہ سے لاہور سے راولپنڈی اور راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر گاڑیوں سمیت دیگر ٹرانسپورٹ کو کئی گھنٹے پانی کم ہونے کا انتظار کرنا پڑا،مسافروں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن اور این ایچ اے انتظامیہ کو نالوں کی صفائی ستھرائی پر توجہ دینی چاہیے تاکہ جی ٹی روڈ سے گزرنے والے مسافروں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔
