جہلم حکومت پنجاب کے مقررہ کردہ نرخوں پر عملدرآمد نہ ہو سکا

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم حکومت پنجاب کے مقررہ کردہ نرخوں پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ دکانداروں نے خودساختہ نرخ مقرر کر لئے، شہری ضلعی انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج، وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ، تفصیلات کے مطابق جہلم شہر و گردونواح کے دکانداروں نے حکومت پنجاب کے مقررہ کردہ نرخوں پر چینی، چائے، روٹی، سبزیاں، دالیں، چھوٹا و بڑا گوشت وغیرہ فروخت کرنے کی بجائے من مرضی کے نرخ مقرر کر کے شہریوں کی چمڑیاں ادھیڑنی شروع کر رکھی ہیں، قابل زکر بات یہ ہے کہ دکانداروں نے نرخ ناموں کے بورڈ آویزاں کرنے کی بجائے نرخ نامے غائب کر دیئے ہیں، اگر کوئی شہری نرخ نامے کی بابت دریافت کرے تو دکاندار گندی گالیاں دینے کے ساتھ ساتھ گریبان پکڑنے سے بھی گریز نہیں کرتے، شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ناکام بنانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے پی ٹی آئی کی شہرت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، حکومت پنجاب نے نرخ نامے مقرر کرکے جہلم سمیت پنجاب کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاء خوردونوش فروخت کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں، انتظامیہ و پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دکانداروں کے نرخ نامے چیک کرنے کی بجائے ٹھنڈے کمروں میں مزے لوٹ رہے ہیں جبکہ شہری دکانداروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں، شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ دکانداروں کو حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاء خوردونوش فروخت کرنے اور نمایاں جگہ پر نرخ نامے آویزاں کرنے کا پابند بنایا جائے، گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندراج کروایا جائے اور سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں تاکہ غریب، سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے بیوی بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں