جیکب آباد(رپورٹ: زاہد حسین رند) لاک ڈاؤن جیسے مشکل گھڑی میں ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کی جانب سے راشن کی تقسیم کے ناقص انتظامات کئے گئے اور من پسندوں کو راشن فراہم کیاگیا ہے غریب عوام کا انتظامیہ کو کوئی احساس نہیں۔ جماعت اصلاح المسلمین کے پریس ترجمان عبدالباقی طاہری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے لاک ڈاؤن کو مسلسل بڑھایا جارہا ہے اور لوگوں کو اپنے گھروں تک محدود رکھا جارہاہے اور دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے مسلسل پھیلاؤ اور موثر و بروقت درست اقدام نہ ہونے کی وجہ سے شہری ذہنی دباؤ میں مبتلا ہو رہے ہیں، غریب لوگ جو روزانہ دھاڑی دار طبقہ ہے اور جس کے اپنے چھوٹے موٹے کاروبار ہیں تو وہ بھی بند ہیں اس بگڑتی صورتحال میں غریب عوام کے لیے اپنے بیمار بزرگوں اور چھوٹے بچوں کے لئے دوائی کا انتظام کرنا بھی مشکل ہوگیاہے اور غریب لوگ وہ دو وقت کی روٹی کھانے کے لئے بھی پریشان ہیں، حکومتی اعلان کے بعدغریب اور دیہاڑی دار طبقہ کو کچھ تسلی ملی کے راشن ملے گا مگر انتظامیہ کے ناقص انتظامات اور ناقص راشن اور من پسند افراد کے کہنے پر رات کے 3 بجے جب لوگ آرام میں ہوتے ہیں اس وقت راشن تقسیم کرنا سمجھ سے بالاتر اور مایوس کن عمل ہے دوسرے اضلاع میں راشن 12 آئٹم پر مشتمل ہونے کے ساتھ معیاری ہے مگر یہاں ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے راشن کو من پسند دکانداروں کو دے کر اپنی مرضی کے مطابق صرف 6 ایٹم پر مشتمل ہے اور وہ بھی غیر معیاری انتہائی کم کوٹا پر مخصوص افراد میں تقسیم کیا جا رہا ہے،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اپیل کرتے ہیں کہ جیکب آباد کی عوام ابھی تک راشن کی منتظر ہے آپ اضلاع کو مزید فنڈز جاری کریں اور ضلعی انتظامیہ کو پابند کریں کہ وہ میرٹ کی بنیاد پر مستحق افراد میں راشن تقسیم کریں۔
