لندن (عارف چودھری)میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ انتقال کر گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئی ہیں ، ان کی عمر 90 سال تھی اور وہ طویل عرصے علیل تھیں ۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے تصدیق کی ہے کہ ان کی دادی انتقال کر گئی ہیں، آج صبح وہ نماز کے لیے اُٹھیں تو ان کی طبیعت خراب ہوئی، جس پر انہیں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ اسی بیماری کے باعث انتقال کر گئیں ۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز نے بھی دادی کے انتقال کی تصدیق کی ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن میں ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی میت کو لاہور لایا جائے گا، لاہور میں دوسری مرتبہ نماز جنازہ پڑھنے کے بعد ان کو جاتی عمرہ میں ان کے شوہر میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا
