انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر پھنسےہوئے سیاحوں اور مقامی آبادی کو نکالنے کیلئے اقدامات کرے۔سینیٹر عوامی نیشنل پارٹی
پشاور(نمائندہ عمر فاروق)اردو گلوبل میڈیا رپورٹ کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے ایوان بالا میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان نے کہا ہے کہ مری اور دیگر علاقوں میں شدید برفباری اور ٹھنڈ کی وجہ سے اموات کا واقع ہونا المناک ہے۔عوامی نیشنل پارٹی متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے ۔ غم کے ان لمحات میں متاثرین کے ساتھ برابر شریک ہیں۔ قدرتی آفت نے حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی مزید عیاں کردی ہے۔حکومت ایک جانب سیاحت کے فروغ کا کریڈٹ لے رہی تو دوسری جانب سیاحوں کیلئے سہولیات کی فراہمی میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک پر ایسے لوگوں کو مسلط کیا گیا ہے جو اس قسم کے حالات میں عوام کو ریلیف تک فراہم نہیں کرسکتے۔حکمران اگر ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں میں سے مسافروں کو باحفاظت نہیں نکال سکتی تو انکے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔حکمرانوں میں اگر اخلاقی جرات ہو تو درجنوں سیاحوں کی موت کی ذمہ داری قبول کرے اور عوام سے معافی مانگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے مری جانے والی ٹریفک کو پہلےسے ہی نہیں روکا اور حالات خراب ہونے کے باوجود انتظامیہ سوتی رہی۔ انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر پھنسےہوئے سیاحوں اور مقامی آبادی کو نکالنے کیلئے اقدامات کرے اور مزید کوتاہی سے اجتناک کرے۔