ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان افضل کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے منٹگمری ہال میں اینٹی ڈینگی سرگرمیوں کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں 11فروری سے 17فروری تک کی گئی ڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان افضل نے غیر تسلی بخش کارکردگی والے محکموں کے سربراہان کو کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آئندہ میٹنگ میں ہدایات پر عمل درآمد بارے فیڈ بیک لیا جائے گا۔اینٹمالوجسٹ صارفہ عاشق نے بتایاکہ یکم جنوری سے اب تک ضلع ساہیوال میں 46مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 11صرف پچھلے ایک ہفتہ کے دوران سامنے آئے ہیں تاہم کوئی کیس کنفرم نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ان ڈور ٹیموں نے 85ہزار275گھروں اور ایک لاکھ39ہزار 511کنٹینرز کو چیک کیا اسی طرح آوٹ ڈور ٹیموں نے 14ہزار 100گھروں اور 22ہزار75کنٹینرز کو چیک کیا جس دوران کہیں بھی ڈینگی لاروانہیں پایا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر سے ڈینگی بارے کوئی کمپلینٹ موصول نہیں ہوئی۔
