ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )ضلع ساہیوال میں اب تک 16 لاکھ 33 ہزار افراد کو کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لگائی جا چکی ھے جو 12 سال سے زائد اہل افراد کے ھدف 18 لاکھ 86 ہزار کا 87 فی صد ہے جبکہ 13 لاکھ سے زائدافراد کو دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں جو کل ھدف کا 69 فی صد ہے۔ یہ بات سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا نے جاری مہم کی تفصیلات دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت ساہیوال کورونا ویکسینیشن کے مقررہ اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہیں اور اس سلسلہ میں ضلع ساہیوال میں گھر گھر کورونا ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں مہم کے تحت 12سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک کی ہدایت پر چھٹی کے روز بھی ٹیمیں فیلڈ میں کام کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا نے مزید بتایا کہ ضلع ساہیوال میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 59 ہے جو تمام اپنے گھروں میں آئیسولیٹ ہیں جبکہ گزشتہ روز بھی 5 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ویکسینیشن سنٹرز پر کورونا ویکسین وافر مقدار میں دستیاب ہے اور 12سال سے زائد عمر کے اہل افراد ان سنٹرز سے ویکسین ضرور لگوائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بیماری سے بچاو کے لئے ماسک ضرور پہنیں اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں۔
