ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )تحریک انصاف ساہیوال کے سٹی ڈسٹرکٹ صدر شیخ شاہد حمیدایڈووکیٹ اور ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا ہے کہ سول ڈیفنس کا عالمی دن منانے کا مقصد قوموں کو اپنے معاشروں کو مختلف قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے بھرپور عملی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیناہے۔ہر سال کی طرح اس سال بھی سول ڈیفنس کی بین الاقوامی تنظیم نے سال 2022 ءکا تھیم جاری کیا ہے جو کہ “کسی بھی مصیبت اور بحران کی صورت میں شہری دفاع کا بے گھر افراد کا انتظام وانصرام:رضا کاروں کا وبائی امراض کے خلاف کردار” ہے۔ اس دن اس عزم کا عہد کیا جا رہا ہے کہ حادثات کے سدباب کے لئے سول ڈیفنس کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔انہوں نے یہ بات بلدیہ ہال ساہیوال میں عالمی یوم شہری دفاع کے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے علاوہ تنظیم شہری دفاع ساہیوا ل /چیچہ وطنی کے رضاکاران کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔چیف وارڈن تنظیم شہری دفاع ساہیوال آئی زیڈ بھٹی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور تنظیم شہری دفاع کی خدمات کے بارے میں بتایا کیا- انہوں نے تنظیم شہری دفاع ساہیوال کو400 یونیفارم دینے پر محمد اویس ملک ڈپٹی کمشنر /کنٹرولر سول ڈیفنس کا شکریہ ادا کیا۔ سول ڈیفنس آفیسرانجینئر محمد اشتیاق نے سول ڈیفنس کی اہمیت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس کی افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ کسی بھی ملک کا دفاع اس وقت تک مضبوط نہیں ہو سکتا جب تک اس ملک کی سول ڈیفنس کو مضبوط نہ کیا جا سکے۔ڈائریکٹر کوہ نور شےخ لقمان شاہد۔شیخ ہارون شاہد۔شیخ بشارت ندیم صدر چیمبر آف کامرس نے کہا کہ دور جدید میں سول ڈیفنس کی افادیت /اہمیت اور بھی بڑھ چکی ہے لہٰذا سول ڈیفنس کو جدید طریقوں پر استوار کرنا ہو گا تا کہ کسی بھی ناگہانی صورت حال سے صحیح معنوں میں نپٹا جا سکے۔شیخ شاہد حمید وائس چیرمین انجمن تاجران پاکستان نے کہا کہ سول ڈیفنس کی تربیت کا ہر گھر میں ہونا ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنر /کنٹرولر محمد اویس ملک نے سول ڈیفنس رضاکاران کی خدمات کو سراہا اور ان کے مسائل کو حل کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی آفت یا وبائی مزض سے نمٹنے کیلئے سول ڈیفنس کا سپیشل سکواڈ بنا یا جائے گا۔آخر میں بلدیہ ہال سے لے کر ٹینکی چوک تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت آئی زیڈ بھٹی چیف وارڈن تنظیم شہری دفاع ساہیوال نے کی۔ریلی میں تمام مہمان گرامی کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے اعلی افسران،تاجران اور رضاکاران نے بھرپور شرکت کی۔
