ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ) ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک کی زیر صدارت پولیو مہم کا جائزہ لینے کیلئے منٹگمری ہال میں اجلاس منعقد ہوا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا نے ضلع میں جاری پولیو مہم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے تین روز کے دوران ضلع ساہیوال میں 4لاکھ92ہزار بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ پہلے تین روز میں 4لاکھ90ہزار 106بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں اور مقرر کردہ ٹارگٹ کا 99فی صد مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ باقی بچوں کو بھی اگلے دو دنوں کے دوران قطرے پلا دیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں کہیں سے بھی والدین کی جانب سے پولیو قطرے نہ پلانے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا نے بتایا کہ محکمہ صحت کی 1732ٹیمیں پولیو قطرے پلانے میں مصروف عمل ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو قطرے پلا رہی ہیں
