ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے سبزی منڈی کا دورہ کیا اور سبزیوں کی نیلامی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سبزی منڈی اور چرچ روڈ پر ناقص صفائی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور سبزی منڈی میں صفائی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مارکیٹ کمیٹی کمیشن ایجنٹس سے مل کر صفائی کے انتظامات کو بہتر بنائیں اور سبزی منڈی کے آڑھتی بھی صفائی میں حصہ ڈالیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک کے منڈی کے دورے کے دوران دوکانداروں نے انہیں منڈی میں بے پناہ رش کی شکایت کی جس پر انہوں نے کہا کہ فروٹ و سبزی منڈی میں رش ان کی شہر سے باہر منتقلی سے ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ منڈیوں کی منتقلی کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ محمد اویس ملک نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نیلامی کی مانیٹرنگ جاری رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو سستی اشیاُ صرف کی دستیابی ممکن بنا رہی ہے اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
