ساہیوال ( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ شہری سہولیات میں بہتری، شہروں کو صاف کرنا اور ان کی خوبصورتی میں اضافہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں سے ان میں روزانہ کی بنیاد پر بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ہونے والے جائزہ اجلاس میں کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ یاسر فریداور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں مین ہولز کی تنصیب ہنگامی بنیادوں پر کی جا رہی ہے اور آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے بھی خصوصی مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ڈی فنگشنل لائٹس کو چالو کر دیا گیا ہے اور پبلک مقامات، چوکوں پر لگے پوسٹرز، وال چاکنگ اور بل بورڈز کا بھی صفایا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں کی تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن بھر میں شجرکاری مہم بھی تیزی سے جاری ہے اور اب تک مقرر کردہ ٹارگٹ کا 30فی صد حاصل کر لیا گیا ہے۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے بتایا کہ ڈویژن میں سہولت بازار قائم کر دیے گئے ہیں جہاں سے شہری سستی اشیاء صرف خرید سکتے ہیں اور رمضان بازار قائم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں کہیں بھی کھاد کی کمی نہیں اور روزانہ کی بنیاد پر کھاد ڈیلرشاپس پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ کھاد کی فراہمی میں کسی قسم کو رکاوٹ حائل نہ ہو۔ اس کے علاوہ روزمرہ اشیاء ضرورت کی قیمتوں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ عوام کو مختص نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جا سکے۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں ٹماٹر، آلواور چینی کے نرخوں میں واضع کمی آئی ہے جس کیلئے منڈیوں میں مانیٹرنگ کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
