گورنر پنجاب کی اوورسیز پاکستانیوں کی اقلیتی برادریوں سے ملاقات

Spread the love

لندن (دسمبر ۱، ۲۰۲۱ )گورنر پنجاب، چوہدری محمد سرور، جو برطانیہ کے دورے پر ہیں، نے 30 نومبر 2021 کو پاکستان ہائی کمیشن لندن میں اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ بات چیت کی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کےکردارکو سراہا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد اقلیتوں کو مرکزی دھارے میں لانا ہے جس میں ، پبلک سیکٹر اور تعلیمی اداروں میں ملازمتوں کے لیےکوٹہ کا تعین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور نفاذ کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے۔

گورنر سرور نے پاکستان میں نچلی سطح پر ہم آہنگی، رواداری اور خیر سگالی کو فروغ دینے کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کی کمیٹیوں کے شاندار کام کا خاص طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قائداعظم کے وژن کے مطابق بین المذاہب ہم آہنگی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ گورنر نے اس کا م کے لیے کی جانے والی اپنی کوششوں کا بھی تزکرہ کیا۔

ہائی کمشنر معظم احمد خان نے گورنر کا خیرمقدم کرتے ہوئے نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا اٹوٹ انگ اور اس کی شناخت ہیں۔ اقلیتوں کا تحفظ پاکستان کے بنیادی اصولوں کا حصہ ہے، اوربانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا ویژن بھی یہی تھا، اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور مساوی مواقع کی فراہمی آئین پاکستان میں بھی شامل ہے ۔ ہائی کمشنر نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پہلے سے ذیادہ کام ہم کر رہے ہیں ۔

ہائی کمشنر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ کرتار پور راہداری، جسے پاکستان نے اپنے سکھ بھائیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئےقائم کیاہے ، بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے پاکستان کے وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے آبائی ملک اور اپنے ورثے کے ساتھ اپنی وابستگی پر ثابت قدم رہیں۔

تقریب میں پاکستانی اقلیتوں کے کیمونٹی کے ارکان کو اپنے مختلف مسائل بیان کرنے اور ان کے حل کے لئے بات چیت کرنے کا موقع ملا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں